کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے بودھ گورو گولانگ درپکا کے 25جولائی کو دورہ گلاب گڑھ کے دوران امن و قانون کی صورتحال پیدا ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ ضلع انتظامیہ کے ایک ترجمان کے مطابق اس روز پون ہنس ہیلی کاپٹر کو بودھ گورو کو پاڈر سے جموں لے جانے کے منصوبہ طے تھالیکن ہیلی کاپٹر اڑان نہ بھر سکا اور انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر جموں نہیں لے جایا جا سکا ۔ اس موقعہ پر بھاری تعداد میں بودھ پیروکار جن میں خواتین اور بچوں کی بھی بھاری تعداد شامل تھی گلاب گڑھ میں دھارمک گورو کو الوداع کہنے کے لئے موجود تھے ، جب ان کے روحانی رہنما کو ہیلی کاپٹر سے نہیں لے جایا جا سکا تو انہوں نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کرنا شروع کر دئیے اور کچھ مشتعل نوجوانوں نے پاڈر میں ایس ڈی ایم کے دفتر پر پتھرائو کرنا شروع کر دیا جس سے سرکاری املاک کونقصان پہنچا۔ ڈی سی اور ایس اسی پی کشتواڑ کو صورتحال کو قابو کرنے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ڈی ڈی سی کی طرف سے جاری حکمنامہ DCK/ PS/ 18/1316-17مورخہ 28.07.2018میں ایس ڈی ایم پاڈر کو سارے معاملہ کی تحقیقات کر کے دس دن کے اندر پوری رپورٹ ضلع انتظامیہ کے سپرد کرنے کی ہدایت دی ہے ۔