ڈوڈہ
محمد اسحق
ڈوڈہ//آل جموں و کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن ڈوڈہ نے مرکزی باڈی کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر دوڈہ پر دھرنا دیا، جس میں تمام تحصیلات کے بنیادی ارکان شامل ہوئے اور پٹواریوں کے مطالبات کو اُجاگر کیا اورسرکار سے پُر زور اپیل کی کہ مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جائے ،تاکہ عوام پریشان نہ ہوں۔ مقرریں نے زور دیا کہ گریجویٹ تعینات شُدہ پٹواریوں کی گریڈپے چوبیس سو سے اٹھائیس سو کیا جائے اور پٹوار حلقہ جات کی از سر نو تشکیل کیجائے ۔چونکہ پٹوار حلقہ جات جو کہ مہاراجہ ہری سنگھ کے وقت میں تشکیل ہوئے ہیں اور آج بھی جوں کے توں ہیں جن کی از سرنو تشکیل کی اشد ضرورت ہے عرصہ تقریباً زائید از سو سال قبل تشکیل ہوئے ہیں وقت کی اشد ضرورت ہے کہ پٹوار حلقہ جات کی از سرنو تشکیل کیجائے۔ مزید اس امر کو بھی اُجاگر کیا کہ عرصہ تین سال سے صوبہ جموں میں کوئی DPCنہیں ہوئی ہے۔ مقررین نے سرکار سے پُر زور اپیل کی کہ اگر چار دن کے اندر اُنکے تسلیم شُدہ مطالبات پورے نہ ہووے تو پٹوار ایسوسیشن کو مجبوراً ایک ایسا قدم اُٹھانا پڑیگا جس سے عام لوگ و سرکاری ادارے مفلوج ہوجائیں۔ ہڑتال میں کافی تعداد میں پٹواریوںاور گرداور صاحبان نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ ایسوسی ایشن نے گورنمنٹ پر الزام لگایا کہ اُنکے دیرینہ مطالبات کو لے کر سرکارنے بہرہ پن اختیار کیا ہے۔ مقررین نے سرکار پر زور دیا کہ وہ پٹوار ایسوسی ایشن کے تسلیم شُدہ مطالبات کو فوری طور پورا کرے تاکہ غریب اور عام آدمی متاثر نہ ہوپائے۔ مقررین نے یہ بھی کہا کہ آج تک پٹوار ایسوسیشن کی تاریخ رہی ہے کہ اُنکا کوئی بھی مطالبہ یہاں تک کہ تنخواہ بھی بغیر ہڑتال کے وقت پر واگذار نہ ہوئی ہے پٹوار ایسوسی ایشن نے جو جائز مطالبات سرکار کے پاس رکھے ہیں اُنکی تفصیل کچھ اسطرح ہے۔ گریجویٹ پٹواریوں کا گریڈ پے 2400سے 2800کیا جائے، پٹواریوں اور گرداور صاحبان کی DPCوقت پر کیجائے، گرداور سرکل اور پٹوار حلقہ جات کی از سرنو حلقہ بندی کی جائے، براہ راست نائب تحصیلداروں کی تعینات پر روک و پابندی ، الاونس میں اضافہ، پٹوار خانہ جات کیلئے کرایہ واگزار کیاجائے، پٹوار خانہ جات کی تعمیرات جیسے مطالبات شامل ہیں۔
کشتواڑ
کشتواڑ//آل جموں اینڈ کشمیر پٹوار ایسو سی ا یشن کشتوا ڑکی جانب سے زیر قیادت ضلع صدر نثار احمد بھٹ اپنے مطالبات منوانے کے حق میں کام چھوڑ ہڑتال کا آغاز کیا ۔مظاہرین کا دعویٰ تھا کہ متعلقہ وزیر نے انکے مطالبات تسلیم کرانے کی یقین دہانی کی تھی لیکن اُن پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ممبران میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ سرکار نے انکے مطالبات تسلیم نہ کرکے پٹواریوں کو ہڑتال کرنے پر مجبور کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر نے ایسو سی ایشن کے مطالبات اُجا گر کئے۔انہوں نے گریجویٹ پٹواریوں کے حق میں گریڈ تنخواہ 2800 روپے میں اضافہ،جی کے سرکل بنانا،پٹواریوں اور گرداوروں کے لئے ڈی پی سی منعقد کرنے اور پٹوار خانوں کا کرائی واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا ۔اُنہوںنے سرکار پر پٹواریوں کے ساتھ سوتیلا برتائو کرنے کا مبینہ الزام لگایا ۔انہوں نے کہا کہ پٹواری محکمہ مال کی ریڑھ کی ہڈی ہے ،جو کہ دن و رات اپنے فرائض انجام دیتے ہیں لیکن اسکے باوجود سرکار انکے جائز مطالبات کی اندیکھی کر رہی ہے۔انہوں نے سرکار کو متنبہ کیا کہ اگر انکے مطالبات حل نہیں کئے گئے تو چار روزہ علامتی ہڑتال ریاست بھر میں جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ پٹواری لوگوں کو پریشنیوں میں دھکیلنا نہیں چاہتے ہیںلیکن سرکار کی بے رُخی سے وہ ہڑتال کرنے کیلئے مجبور ہو گئے ہیں۔
رام بن
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع بھر میں پٹواریو ں نے اپنے جائز مطالبات کے لئے کام چھوڑ ہڑتال کی۔پٹواری اپنے تنخواہوں میں اضافہ، شفاف ٹرانسفر پالیسی،ترقیوں کیلئے شفاف پالیسی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ان پٹواریوں نے سرکار کو انکے مطالبات منگل تک تسلیم کرنے کا تنبہیہ کیا تھا ،جس کے بعد یونین کے ریاستی لیڈروں کے کہنے پر اُنہوں نے چور وزہ علامتی ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پٹوار ایسو سی ایشن رام بن کے ضلع صدر محمد مرزا زاہد نے نائب تحصیلداروں کی راست بھرتی کو ختم کرنے ،گرداور /قانون گوو کو نائب تحصیلدار کی اسامی پر ترقی دینے،پٹواریوں،گرداوروں اور قانون گووں کو ٹائم بائونڈ ترقی دینے کا مطالبہ کیا۔پٹواریوں کی ہڑتال سے ضلع بھر میں محکمہ مال کی کار رکردگی متاثر ہوئی ،جس سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔