مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کے گلہوتہ علاقہ میں انتظامیہ کی جانب سے ایک گریڈ سٹیشن کئی ماہ قبل مکمل کرلیا گیا تھا لیکن اس کے بعد ابھی تک صارفین کو مذکورہ سٹیشن سے بجلی سپلائی کرنے کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا گیا ہے ۔صارفین نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی ماہ سے گریڈ سٹیشن کو مکمل کرنے کے بعد یوں ہی چھوڑ دیا گیا ہے تاہم علاقہ میں اس وقت بجلی کی بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ گلہوتہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے مکینوں کیساتھ ساتھ طلباء اور بجلی کی مدد سے کاروبار کرنے والوں کے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تاہم اس کے باوجود بھی علاقہ میں ہی قائم کر دہ گریڈ سٹیشن سے صارفین کو بجلی سپلائی کرنے کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔یوتھ لیڈر کفیل خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ محکمہ پی ڈی ڈی اور اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہا جلداز جلد گریڈ سٹیشن کو چلایا جائے تاکہ صارفین کی دقتیں کم ہو سکیں ۔