راجوری//2ہزار کتابوں کی دستیابی اور 45ہزار آن لائن کتب تک رسائی کے ساتھ ضلع انتظامیہ راجوری ’گرلز لائبریری ‘کھولنے جارہی ہے ۔یہ گرلز لائبریری جو کونسلنگ سنٹر بھی ہے ، کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے اور اس کا افتتاح 26جنوری کو کرکے اسے طالبات کیلئے اسی روز کھول دیاجائے گا۔اس حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں وزراء کے علاوہ مقامی ارکان قانون سازیہ بھی شرکت کریںگے ۔ذرائع نے بتایاکہ دو ہزار سے زائد کتابیں دستیاب رکھی گئی ہیں جن کے ذریعہ آئی اے ایس ، کے اے ایس ، سیول سروسز ، میڈیسن ، انجینئرنگ ، این ای ای آر ، جنرل نالج ، ایپٹی چیوڈ ٹیسٹ ، یو پی ایس سی ، جے و کشمیر پبلک سروس کمیشن امتحانات کیلئے تیار ی کی جاسکتی ہے جبکہ اس کے علاوہ طالبات کیلئے 45ہزار سے زائد کتابوں کیلئے آن لائن رسائی بھی ہوگی ۔اس طرح سے ایک ڈیجیٹل لائبریری بھی ہوگی ۔ ذرائع نے بتایاکہ ضلع انتظامیہ ضلع کے دیگر کئی مقامات پر بھی ایسی ہی لائبریریاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ پورے ضلع کی طالبات کو فائدہ پہنچایاجاسکے ۔ ذرائع نے مزیدبتایاکہ یہ ادارہ ریکارڈ مدت میںچھ ماہ کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچاہے اوراس کی نگرانی کاکام ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال کی سربراہی والی ٹیم کرتی رہی ہے ۔انتظامیہ کی طرف سے ضلع سوشل ویلفیئر افسر راجوری ڈاکٹر عبدالخبیر کو نوڈل افسر نامزد کیاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ضلع انتظامیہ کی یہ ایک اہم پیشرفت ہے اورلائبریری سے کیریئر کونسلنگ اور سکل ڈیولپمنٹ سنٹر بھی منسلک ہوںگے جس سے لڑکیوں کی مجموعی ترقی ممکن ہوسکے گی۔ذرائع نے بتایاکہ اس اہم پروجیکٹ پر ڈاکٹر شاہد اقبال کے ڈپٹی کمشنر راجوری تعینات ہونے کے ساتھ ہی کام شروع کردیاگیا ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس لائبریری کی ممبر شپ حاصل کرناپڑے گی اور دسویں جماعت سے لیکر پوسٹ گریجویٹ و امتحانات دینے والی لڑکیوں کو ماہانہ صرف سو روپے فیس ادا کرناہوگی جبکہ بی پی ایل کنبوںسے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کیلئے یہ فیس محض پچاس روپے رہے گی۔ذرائع نے بتایاکہ انتظامیہ اسے محض لائبریری تک ہی محدود نہیں رکھے گی بلکہ اس کو کثیر المقاصد کیلئے استعمال کیاجائے گا تاکہ لڑکیوں کی مجموعی ترقی ہوسکے۔ذرائع کے مطابق سکل ڈیولپمنٹ سنٹر ، کیریئر کونسلنگ سنٹر اور انفارمیشن سنٹر کو بھی اس لائبریری سے منسلک کیاجائے گا۔معلومات کے مطابق موسم سرما کے دوران یہ لائبریری 12گھنٹے جبکہ موسم گرما کے دوران 16گھنٹے کھلی رہے گی اور ابتدائی طور پر اس کیلئے 200طالبات کا اندراج کیاجائے گا۔