عرفان رینہ
گاندربل// طویل تعطیلاتی اور تہواروں کے اختتامی ہفتے کے دوران ناگبل اوربیہامہ کے ٹول پلازوں کے قریب شدید ٹریفک جام نے اہم سرینگرلیہہ شاہراہ پر آمد و رفت کو بری طرح متاثر کیا، جس کے باعث ہزاروں مسافر کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر پھنسے رہے۔ اس صورتحال کے بعد مقامی لوگوں نے ایک بار پھر ٹول پلازہ کو اس مصروف شاہراہ سے منتقل کرنے کا مطالبہ دہرایا ہے۔ٹریفک کی صورتحال خاص طور پر انتہائی خراب رہی، جہاں عام طور پر دو گھنٹے میں طے ہونے والا سفر کئی گھنٹوں پر محیط اذیت ناک مرحلہ بن گیا۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں کئی کلومیٹر تک پھیلی ہوئی تھیں اور ٹریفک انتہائی سست روی سے آگے بڑھ رہی تھی۔مسافروں کا کہنا ہے کہ جدید بنیادی ڈھانچے کے باوجود متعلقہ حکام ٹریفک کو منظم کرنے اور تعطیلات کے دوران بڑھتے ہوئے رش سے نمٹنے کے لیے مناسب انتظامات اور نفری تعینات کرنے میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں ٹول پلازہ کے اطراف شدید بدنظمی پیدا ہوئی۔ایک مسافر ارشد احمد نے کہا،’’ہم ناگہ بل سے بیہامہ کے درمیان ایک گھنٹے سے زائد وقت تک شدید ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔ زیادہ تر رش ٹول پلازہ کے قریب تھا جہاں گاڑیوں سے فیس وصول کی جاتی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پورے علاقے میں ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے ایک بھی ٹریفک پولیس اہلکار نظر نہیں آیا۔‘‘علاقے میں ٹریفک جام ایک مستقل مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جس کے باعث مقامی باشندوں اور مسافروں نے ٹول پلازہ کو موجودہ مقام سے ہٹانے کے مطالبے میں شدت پیدا کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ مقام شاہراہ پر ایک بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ ٹول پلازہ کے لیے جگہ کا انتخاب کرتے وقت ٹریفک کے حجم، سڑک کی گنجائش اور عوامی نقل و حرکت پر اس کے اثرات کا مناسب جائزہ نہیں لیا گیا۔علاقے کے ایک رہائشی بشیر احمد نے کہا،’’یہ واحد شاہراہ ہے جو ہمیں سری نگر اور لداخ سے جوڑتی ہے۔ یہاں ٹول پلازہ قائم کرنے کا مطلب روزانہ ٹریفک جام کا سامنا کرنا ہے، حتیٰ کہ ٹول وصولی شروع ہونے سے پہلے ہی گاڑیاں رک جاتی ہیں۔ اسے گاندربل سے آگے کسی کشادہ مقام پر منتقل کیا جانا چاہیے۔‘‘اس حوالے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ٹریفک) گاندربل، گلزار احمد نے کہا کہ عوامی خدشات پہلے ہی اعلیٰ حکام تک پہنچائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا،’’ہم نے گاندربل ڈی پی او کے قریب قائم ٹول پلازہ کو منتقل کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے تاکہ اس مقام پر ٹریفک کے مسائل کا فوری حل نکالا جا سکے۔‘‘سری نگرلیہہ شاہراہ مسافروں، مال بردار گاڑیوں اور سیاحوں کے لیے ایک اہم رابطہ سڑک ہے۔ مقامی باشندوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو اختتام ہفتہ، تعطیلات اور سیاحتی سیزن کے دوران ٹریفک مسائل مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔