جموں//زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت کیلاش چودھری نے جموں کے کنونشن سنٹر میں مختلف سرکاری محکموں اور تنظیموں میں ملازمتوں کیلئے منتخب کئے گئے تقریباً 50 امیدواروں کو تقرری نامے تقسیم کئے ۔ یہ پرو گرام وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے روزگار میلہ کے افتتاح کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا ۔ جن امیدواروں کو تقرری نامہ دیا گیا ہے ان کو محکمہ ڈاک ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس ، سی آئی ایس ایف ، کینرا بینک ، جموں و کشمیر گرامین بینک اور آبی وسائل اینڈ ریور ڈیولپمنٹ کے محکمے میں بھرتی کیا گیا ہے ۔پروگرام کے دوران وزیر نے امیدواروں کو مبارکباد دی اور بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک سال کے اندر نوجوانوں کو 10 لاکھ نوکریاں دینے کا اعلان کیا ہے جو اب سے اگلے مہینوں میں فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر نے کہا کہ ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے اجولا کے تحت مفت گیس کنکشن ، دیہی اور شہری علاقوں کے لئے پی ایم اے وائی مکانات ، ہر گھر نل سے جل اور دیگر اسکیموں کے علاوہ پورے ملک میں مشن موڈ میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا کام شروع کیا جا رہا ہے ۔ وزیر نے مزید کہا کہ ملک کے کونے کونے تک رابطے کو یقینی بنانے کیلئے عالمی معیار کی سڑکیں اور شاہراہیں تعمیر کی جا رہی ہیں جس سے ملک کے دفاعی نظام کو بھی تقویت ملے گی ۔ وزیر نے اس مدت کے دوران مقررہ اہداف کو حاصل کرنے میں آج کے نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے نوجوانوںپر زور دیا کہ وہ حب الوطنی اور قوم پرستی کے جذبے کے ساتھ ہندوستان کی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے کام کریں ۔ اس تقریب میں رکن پارلیمنٹ جگل کشور ، چیف پوسٹ ماسٹر جنرل ( جموں و کشمیر سرکل ) نیرج کمار ، چیف پوسٹ ماسٹر جنرل ( جموں رینج ) کرنل ونود کمار اور ڈی آئی جی سی آر پی ایف راکیش سیٹھی نے بھی شرکت کی ۔ روز گار میلہ تقریب کے بعد وزیر نے ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں سکاسٹ جموں ، کے وی کیز ، ایف پی او کے ترقی پسند کسانوں کے سیلف ہیلپ گروپس کی کسانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف ٹیکنالوجیز کو دکھایا گیا تھا ۔ وزیر نے کسانوں میں سکاسٹ جموں کے ذریعہ گندم کی نئی جاری کردہ قسم جے اے یو ڈبلیو 672 کے بیج بھی تقسیم کئے ۔