سرنکوٹ// سرنکوٹ کے علاقہ کھوئیاں تا ملہان جانے والی سی آر ایف سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے تعمیراتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پہلے تو ایک عرصہ دراز تک سڑک کی تعمیر کیلئے انہوں نے جدوجہد کی لیکن انتظامیہ کی جانب سے اب سڑک کی جانب دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جس کی وجہ سے اس کی حالت مزید ابتر ہو چکی ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کھوئیاں تا ملہان جانے والی سی ار ایف 6 کلو میٹر سڑک موجود ہے تاہم مذکورہ حصے پر لوگ دور دراز علاقوں میں ٹریکڑوں اور گھوڑوں کے ذریعہ اپنے اپنے گھروں تک سامان پہنچانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل سڑک کی پلیاں برباد ہوگئی جبکہ سڑک اب قابل آمد ورفت نہیں رہی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ عوام کو محض طفیل تسلیاں دے کر ہی وقت ضائع کررہا ہے جبکہ عملی طورپر سڑک کی حالت کو معیاری بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں لی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ محکمہ او ر ضلع انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک اب کھنڈرات میں تبدیل ہورہی ہے جس سے مقامی لوگوں بالخصوص مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتالوں میں منتقل کرنے میں شدید مشکلات در پیش ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو معیاری بنایا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔