۔10لفٹ سکیمیں بھی اثر انداز ،خشک سالی کا شاخسانہ
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں مسلسل خشک سالی کی وجہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے کیونکہ ضلع کے اکثر و بیشتر ندی نالہ خشک ہوگئے ہیں ۔محکمہ جل شکتی کے کپوارہ ڈویژن میں 155واٹر سپلائی سکیمیں دستیاب ہیں جن میں زیادہ تر سیکمو ں کو بڑے نالو ں سے پینے کاپانی فراہم کیا جاتا ہے۔کرالہ پورہ سب ڈویژن میں 49واٹر سپلائی سکیمیں ہیں جن میں 47فعال ہیں اور ان میں دو جزوی طور غیر فعال ہیں اور ان میں 31سکیمو ں کا دارومدار نالو ں پر ہے اور باقی یا تو چشمو ں سے منسلک ہیں یا بورویل سے پانی فراہم کرتے ہیں ۔کپوارہ سب ڈویژن میں 57واٹر سپلائی سکیمیں ہیں جن میں 9سکیموں کو قدرتی چشمو ں سے پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔مزکورہ سب ڈویژن میں 3بورویل بھی ہیں اور 57سکیمو ں میں اس وقت 11جزوی طور غیر فعال بتائے جاتے ہیں ۔سوگام سب ڈویژن میں 50واٹر سپلائی سکیمیں ہیں اور ان میں 25سکیمیں ایسی ہیں جو بجلی کے ذریعے لفٹ کی جاتی ہیں اور اس وقت5جزوی طور غیر فعال ہیں ۔سوگام میں 5بڑے علاقہ ایسے ہیں جن کو ٹینکرو ں کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ جل شکتی کپوارہ ڈویژن میں45واٹر سپلائی سکیمیں لفٹ کی جاتی ہیں تاہم نومبر کے مہینے سے بجلی کے نئے کٹوتی شیڈول کی وجہ سے یہ سکیمیں متا ثر ہوتی ہیں جبکہ10سکیمیں ایسی ہیں جو کم بجلی وولٹیج کی وجہ سے مکمل طور پانی فراہم نہیں کر سکتی ہیں ۔مزکورہ ڈویژن میں جل جیون مشن کے تحت2021سے اب تک 45واٹر سپلائی سکیمو ں کو منظوری مل گئی ہے جن میں 18کو پہلے ہی مکمل کیا گیا جبکہ 27ابھی تک زیر تعمیر ہیں اور ان کا کام بھی 70فی صدی مکمل ہو چکا ہے ۔محکمہ جل شکتی اس وقت کپوارہ ڈویژن میں 126دیہات کو پینے کا پانی فراہم کرتا ہے تاہم مسلسل خشک سالی کی وجہ سے تمام سکیمیں اس وقت متا ثر ہوئی ہیں ۔ایکز یکیٹو انجیئنر محکمہ جل شکتی کپوارہ ڈویژن رفیق احمد کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے خشک سالی کا اثر پورے ضلع کے آبائی ذخائر پر پڑنے لگا اور صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بڑے نالو ں ،قدرتی چشمو ں اور بور یلوں کے پانی کی سطح میں نمایا ں کمی واقع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اکثر و بیشر واٹر سپلائی سکیمیں متا ثر ہوئی ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں اس قدر کمی ہوئی کہ محکمہ اب شیڈول کے مطابق لوگو ں کو پینے کاپانی فراہم کرتا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ جب تک نہ بارشیں ہونگے پانی کی سطح میں کوئی بھی اضافہ نہیں ہوگا ۔ان کاکہنا ہے کہ محکمہ نے کئی علاقوں میں پانی کے ٹینکر بھی کام پر لگائے ہیں لیکن جب تک آبی ذخائر میں پانی ہے محکمہ لوگو ں کو پینے کا پانی فراہم کرتا رہے گا ۔