اشرف چراغ
کپوارہ//حالیہ بھاری برف باری کے بعد شمالی ضلع کپوارہ میں ابھی نظام زندگی پوری طرح پٹری پر نہیں آئی تھی کہ برف باری کا اایک اور دورانیہ شروع ہوا ۔ادھر سرحدی علاقوں جن میں کرناہ ،کیرن ،مژھل ،جمہ گنڈ اور بڈنمل شامل ہے کی سڑکیں گزشتہ 5روز سے ہنوز بند پڑی ہیں ۔محکمہ بیکن اور دیگر ایجنسیو ں نے اگرچہ سڑکو ں پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے لیکن تا حال یہ سڑکیں بند پڑی ہیں ۔نستہ ژھن گلی (سادھنا)پر قریب 7فٹ برف جمع ہے جبکہ فرکیا ں اور زیڈ گلی پر بالترتیب 6فٹ برف جمع ہے ۔بیکن محکمہ نے ہفتہ کے روز سے ہی ان سڑکو ں پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے لیکن بھاری برف باری کی وجہ سے برف ہٹانے کے کام میں وقت لگ سکتا ہے ۔کیرن کے اندورنی دیہات میں 1فٹ برف جمع ہے جس کی وجہ سے کیرن علاقہ میں زندگی مفلوج ہو کررہ گئی ہے اور اس علاقہ میں اب کھانے پینے کی چیزوں کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔پیر کی شام کو کیرن سے اطلاع ملی کہ سڑک کو گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے کھول دیا گیا جبکہ بجلی سپلائی بھی 6روز کے بعد بحال کر دی گئی ۔چوکی بل کرناہ سڑک سے بھی برف ہٹانے کا کام مسلسل جاری ہے اور محکمہ بیکن کے مطابق چوکی بل کرنا سڑک سے کئی کلو میٹر سے برف ہٹانا باقی ہے اور اگر موسم ساز گار رہا تو منگل کے روز چوکی بل کرناہ سڑک کو بھی گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے کھول دیا جائے گا ۔کلاروس مژھل سڑک کو بھی پیر کے سہ پہر کو گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے کھول دیا گیا ۔بڈنمل ،جمہ گنڈ اور دیگر سر حدی علاقوں کی سڑکیں بھی 5روز سے بند پڑی ہیں اور ان علاقوں میں بجلی سپلائی کو بھی ابھی تک بحال نہیں کیا گیا ۔ادھر ضلع کے متعدد دیہی علاقوں میں بھاری برف باری کے بعد بجلی کی ترسیلی لائنو ں کو زبردست نقصان پہنچ چکا ہے جس کی وہ سے محکمہ کے اہلکارو ں کو ترسیلی لائن جو ڑنے میں وقت لگتا ہے تاہم محکمہ کے عملے نے دیگر علاقوں میں مکمل طور بجلی سپلائی بحال کر دی ۔