سرنکوٹ//گورنمنٹ ڈگری کالج سرنکوٹ کے طلباء نے نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا اور کٹھوعہ واقعہ پر کڑی کارروائی کرنے کی مانگ کی ۔انہوںنے آصفہ کے قتل کو وحشیانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہاکہ ریاستی پولیس اس معصوم کی جان بچانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے اورجب تک اسے تلاش کیاجاتاتب تک اس کو قتل کیاجاچکاتھا۔ مظاہرے کے دوران جموں کشمیر پولیس ،ریاستی حکومت اور کھٹوعہ انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔مظاہرین نے کہاکہ اس واقعہ پر ریاست بھر کے لوگ حیران ہیں اورپولیس توناکام ہوئی ہی لیکن انتظامیہ بھی تماشائی بنی رہی ۔ مظاہرین نے کہا کہ بچی کا تعلق چاہے کسی بھی مذہب سے ہو لیکن اس کے لواحقین کو انصاف ملناچاہئے اور اس واقعہ میں ملوثین کو پھانسی پر لٹکایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں اور تمام لیڈران کو اپنے مردہ ضمیروں کو جھنجوڑتے ہوئے اس پر سخت کارروائی کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر اس واقعہ پر کارروائی نہ ہوئی تو نتائج کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی ۔اس احتجاجی دھرنے میں سرنکوٹ یوتھ نے بھی حصہ لیا ۔