اننت ناگ // کوکر ناگ میں ایک ہفتے قبل لاپتہ ہوئے نوجوان کی لاش خندق سے بر آمد ہونے کے بعد تنائوکاماحول پیداہوا۔36 سالہ گلزار احمد نائیک ولد غلام نبی نائیک ساکنہ فرمو گڈول رواں مہینے کی 16 تاریخ کو پر اسرار طور لاپتہ ہوا تھا۔ اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کے حوالے سے پولیس اسٹیشن کوکر ناگ میں کیس درج کیا تھا۔اس بیچ گمشدہ نوجوان کی لاش اپنے ہی گاؤں میں محمد یعقوب بٹ کے خندق سے بر آمد کی گئی۔یہ خبر پھیلتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موقعہ پر جمع ہوئی اور احتجاج شروع کیا۔مظاہرین الزام لگا رہے تھے کہ نوجوان کو قتل کیا گیا ہے لہذا ملزم کو فوری طور گرفتار کیا جائے۔مظاہرین نے پولیس کے خلاف بھی نعرے بلند کر کے پولیس پر جانبداری کا الزام عائد کیا۔اس بیچ پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملہ کے حوالے سے پہلے ہی ایک شخص کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا۔علاقہ میں تناؤ کا ماحول ہے۔