محمد بشارت
راجوری//تحصیل بدہل کے علاقے کوٹرنکہ کی متعدد پنچایتیں گزشتہ آٹھ دنوں سے بجلی کی بحالی کی منتظر ہیں، جبکہ کئی رابطہ سڑکیں اب بھی آمد و رفت کے لئے بند پڑی ہیں۔ خراب موسم اور حالیہ برف باری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے مقامی لوگوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر کر دی ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق بجلی کی طویل بندش نے معمولات زندگی مفلوج کر دئیے ہیں۔ گھروں میں اندھیرا، موبائل فون چارج کرنے میں دشواری، پانی کی فراہمی میں رکاوٹ اور بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں میں خلل جیسے مسائل سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں۔ بزرگوں اور مریضوں کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ سردی کے اس موسم میں بجلی نہ ہونے سے حرارتی آلات بھی بند پڑے ہیں۔ادھر علاقے کی کئی دیہی سڑکیں برف اور ملبے کی وجہ سے تاحال بند ہیں جس کے باعث لوگوں کو پیدل طویل فاصلے طے کرنے پڑ رہے ہیں۔ ہنگامی طبی صورت حال میں مریضوں کو ہسپتال پہنچانا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ کچھ دیہات کا رابطہ مرکزی سڑکوں سے تقریباً منقطع ہو چکا ہے۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ محکموں کی سست روی پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات کے باوجود نہ تو بجلی بحالی کے لئے خاطر خواہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی سڑکوں کی بروقت صفائی کا کام نظر آ رہا ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ عوامی نمائندے اور سیاسی لیڈر صرف دورہ کر کے تصاویر کھنچوانے تک محدود ہیں جبکہ عملی سطح پر کوئی ٹھوس مدد فراہم نہیں کی جا رہی۔مقامی سماجی کارکنوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر بجلی سپلائی بحال کرنے، سڑکوں کو صاف کر کے ٹریفک بحال کرنے اور متاثرہ خاندانوں تک ضروری اشیائے خورد و نوش پہنچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔