بانڈی پورہ میں کورونا کے55مریض:ڈپٹی کمشنر
گاندربل+بانڈی پورہ//ہفتہ بھر بیداری مہم کے دوسرے دِن ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن سینٹر گاندربل نے کووِڈ۔19 مناسب طرز عمل ( سی اے بی ) کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔اِس سلسلے میں بذریعہ اعلانات بیداری مہم آج کنگن اور لار بلاکوں کے دُور دراز علاقوں میں چلائی گئی۔یہ اعلان ایک گاڑی پر نصب لائوڈ سپیکر کے ذریعے کیا گیا تاکہ عوام الناس کو کووِڈ۔19 مناسب طرز عمل ( سی اے بی)کے بارے میں آگاہ اور ضلع میں کووِڈ انفیکشن کا مقابلہ کیا جاسکے ۔دورانِ اعلان مہم عام لوگوں سے درخواست کی گئی کہ وہ کووِڈ مناسب طرز عمل ( سی اے بی ) کو سختی سے اَپنائیں اور اَپنی حفاظت کے لئے قریبی ٹیکہ کاری سینٹروں میں جاکر ٹیکے لگائیں۔اِس موقعہ پر ڈسٹرکٹ اِنفارمیشن آفیسر گاندربل نے لوگوں سے بات چیت کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ بازاروں اور دیگر رَش والے جگہوں پر غیرضرور ی دوروں سے گریز کریں کیوں کہ کووِڈ انفیکشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔ اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ بنیادی پروٹوکول پر عمل کریں ۔اُنہوں نے ماسک پہننا ، ہاتھ دھونا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ڈی آئی سی گاندربل کے اَفسران نے لوگوں میں ماسک بھی تقسیم کئے اور ان پر زور دیا کہ وہ کووِڈ ۔19 کے پروٹوکول پر عمل کریں جوکہ ضلع میں کووِڈ نفکیشن سے بچنے کے لئے واحد مؤثر ہتھیار ہے۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے میڈیا کو ضلع میں کووِڈ صورتحال کے بارے میں جانکاری دی اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) سختی سے اَپنائیں اور غیر ویکسین شدہ آبادی پر زور دیا کہ وہ جلد سے جلد ویکسین حاصل کرائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ ۔19 صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور کنٹین منٹ زونوں میں وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ اور ضلع میں بڑے پیمانے پرٹیکہ کاری مہم شروع کرنے کی وجہ سے صحتیابی کی شرح بہتر ہو رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گامرو گائوں میں حالیہ معاملات کا پتہ لگانا تشویش کا باعث ہے لیکن فوری روکتھام کے اقدامات اور وسیع پیمانے پر جانچ نے صورتحال کو قابو میں کرنے میںمدد کی۔اُنہوں نے کہاکہ مثبت معاملات کو تیزی سے الگ تھلگ کیا گیا اور متاثرہ اَفراد کی شناخت کے لئے بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کئے گئے۔اُنہوں نے کہا کہ متاثرہ اَفراد الگ تھلگ ہیں اور ان کنٹین منٹ علاقوں میں کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر ان میں کوئی علامات محسوس ہوں تو ان کا ٹیسٹ کرائیں تاکہ وہ بہتر دیکھ بھال کریں اور دوسروں کو انفیکشن سے بچانے کے لئے الگ تھلگ رہیں ۔ ڈاکٹر اویس نے کہا کہ ضلع میں اب 55 مثبت سرگرم معاملات ہیں اور تمام مریض ہوم آئیسولیشن ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ تخفیفی اقدامات جاری ہیں جس میں بڑے پیمانے پر نمونے لینے اور ٹیکہ کاری مہم شامل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ زائد اَز 45 برس عمر کے گروپ کی صد فیصد ٹیکہ کاری مکمل ہوچکی ہے جبکہ فی الحال 18 برس عمر سے 45برس عمرتک کے اَفراد کی ویکسی نیشن پر توجہ مرکوز ہے اور اِس عمر کے گروپ میں اَب تک پچاس ہزار سے زائد ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔اُنہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور جلد از جلد مقررہ مقامات پر ٹیکے لگائیں۔ڈاکٹر اویس نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے کووِڈ مناسب طرزِ عمل کے بارے میں ایک نئی بیداری مہم ’’ تحفظ ‘‘ شروع کی ہے ۔’’ تحفظ‘‘ کا مقصد لوگوں کو دوبارہ کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی) کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور ان پر زور دینا کہ وہ ہدایات پر عمل کریں۔