سرینگر//پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی انتظامیہ نے جموں کشمیر میں کوروناوائرس کی آڑ میں ایک وسیع آباد ی کو گھروں میں محصور کردیا ہے جبکہ سرکاری لاک ڈاون کی وجہ سے کشمیر میں ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی کافی کمی ہے ۔ اس دوران انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ کشمیر سے کرفیو ہٹاکر انٹرنیٹ اور دیگر اہم ضروریات کی بحالی کو ممکن بنایا جائے ۔سی این آئی کے مطابق پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیرمیں کرفیو اٹھانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی کوریا کی وزیرِخارجہ کھنگ کیوانگ وا کو فون کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا وائرس کی وباء سے پیداشدہ صورتحال اور اس کے منفی اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران شاہ محمود قریشی نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ کوروناوائرس کی آڑ میں کشمیریوں کو اپنے گھروں میں محصور کردیا گیا ہے جبکہ وہاں ادویات اور دیگر اہم اشیاء کی کافی کمی پائی جارہی ہے ۔قریشی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں گذشتہ برس اگست سے لوگ انٹرنیٹ سے محروم ہے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لیڈران اور نوجوان مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں۔ پاکستان اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ موجودہ وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پرتعاون ضروری ہے جب کہ کورونا کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے مشاورتی سلسلے جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔