نئی دہلی //کورونا وائرس کا پھیلاؤ دن بہ دن بڑھتا ہی جارہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 15،413 نئے کیسز کے ساتھ تعداد چار لاکھ کو عبورکرچکی ہے ۔ تاہم ، یہ راحت کی بات ہے کہ اس عرصے میں تقریبا 14 ہزار افراد اس وبا سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔اتوار کے روزصحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 410461ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 306 کے اضافہ کے ساتھ ہلاک شدگان کی کی مجموعی تعداد 13254 ہوگئی ہے ۔ دوسری جانب ، اس بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور اس عرصہ میں13925 مریض ٹھیک ہوئے ہیں اور شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 227756 ہوگئی ہے ۔ بہرحال ملک میں ابھی کورونا کے 169451ایکٹیو کیسز ہیں۔ملک میں ریاست مہاراشٹر کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 3874 کیسز ریکارڈ ہوئے اور91 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 128205 ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 5984 ہوگئی ہے ۔ اس مدت کے دوران ریاست میں 1380 افراد شفایاب ہوئے ہیں ، جس کے بعد صحت یاب ہونے والے لوگوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 64153 ہوگئی ہے ۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں اب متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 56845 تک جا پہنچی ہے اور اب تک اس وائرس سے 704 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ریاست میں 31316 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا کی وبا نے تباہی مچا دی ہے ۔ یہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ریکارڈ 3660 مریضوں کے اضافہ کے ساتھ مجموعی تعداد 74746 ہوچکی ہے ، نئے کیسز کے ساتھ اسی عرصے میں 77 مریضوں کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 2112 ہوگئی۔ ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں دہلی مہاراشٹر کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ دارالحکومت میں 31294 شفایاب ہوئے ہیں جن کو مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ 19 کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر ہے ، لیکن مرنے والوں کی تعداد میں یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 266801 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 1638 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 18694 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 16594 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وائرس کی زد آنے سے 507 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 9995 مریض صحت مند ہوئے ہیں۔ریاست راجستھان میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ اپنے شباب پر ہے اوراس ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 14536 ہوگئی ہے اور اب تک 337 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔