نئی دہلی // ملک میں کورونا وائرس سے 59662 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1981 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 17874 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ مہاراشٹر میں 19063 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 731 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، وہیں 3470 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔کووڈ -19 سے متاثر ہونے کی معاملے میں ملک کی مغربی ریاست گجرات دوسرے مقام پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 7402 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 449 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ وہیں 1872 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔ قومی دارالحکومت دہلی کی حالت بھی اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ یہاں اس سے اب تک 6318 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 68 افراد نے جان گنوائی ہے ۔ وہیں 2020 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔ ۔راجستھان میں بھی کورونا وائر س تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ یہاں اب تک 3579 افراد اس سے متاثر ہو چکے ہیں اور 101 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ، وہیں 1916 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔ تمل ناڈو میں کووڈ -19 متاثرین کی تعداد 6009 تک پہنچ گئی ہے اور 40 افراد اس وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں ، وہیں 1605 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں ۔ ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک 3214 افراد اس کی زد میں آئے ہیں اور 66 افراد ہلاک ہو ئے ہیں ۔ وہیں 1387 افراد اب تک اس سے صحت یاب ہوئے ہیں ۔ تلنگانہ میں اب تک کورونا سے 1133 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 29 افراد نے جان گنوائی ہے ۔ وہیں 700 افراد اب تک اس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں 1887 اور کرناٹک میں 753 افراد متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بالترتیب 41 اور 30 پہنچ گئی ہے ۔ وہیں مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 883 ہو گئی ہے اور نو ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔
وقف بورڈوںکا 51 کروڑ روپے کا عطیہ | ملک بھر میں 16 حج ہاؤ س کوارنٹائن مراکز میں تبدیل
نئی دہلی// اقلیتی وزارت کے مہارت کی ترقی کے پروگرام کے تحت صحت سے متعلق 1500 سے زیادہ تربیت یافتہ معاونین کوروناسے متاثر لوگوں کی صحت سلامتی میں مصروف ہیں۔اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کل یہاں کہا کہ ملک کے مختلف وقف بورڈوں کی طرف سے مذہبی، سماجی اور تعلیمی اداروں کے تعاون سے 51 کروڑ روپے وزیر اعظم اور وزیر اعلی کوروناریلیف فنڈ میں دیئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ضرورت مندوں کے لئے بڑی تعداد میں ریلیف اور غذائی اشیا تقسیم کی جا رہی ہے ۔ ملک بھر میں 16 حج ہاؤس کو مختلف حکومتوں کو کوارنٹائن اور آیشولیشن سہولت کے لئے دیا گیا ہے ، جن کا ضرورت کے مطابق استعمال کیا جا رہا ہے ۔مسٹر نقوی نے بتایا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کا پی ایم کیئرس میں تعاون کیا ہے اور اے ایم یو میڈیکل کالج میں کورونا مریضوں کے علاج کے لئے 100 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی اے ایم یو نے کوروناٹیسٹ کا انتظام بھی کیا ہے ، اب تک 9000 سے زیادہ ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔