بیجنگ / جنیوا / عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) کے پھیلاؤ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 1.60 کروڑ سے زیادہ افراد اس وائرس سے متاثر اور643821 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔کووڈ 19 کے متاثرہ افراد کے معاملے میں امریکہ دنیا میں پہلے ، برازیل دوسرے اور ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے تعداد اموات کے معاملے میں امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے لحاظ ہندوستان چھٹے نمبر پر ہے ۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 15996140 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس وبا کی وجہ سے 643821 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔دنیا کی سپر پاور سمجھے جانے والے امریکہ میں اب تک کورونا سے 4177847 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 146460 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 2394514 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 86449 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں کورونا کی وبا پھیلنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں دنیا میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے ۔ اب تک یہاں 443200 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 6655 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وہیں میکسیکو میں کورونا سے 385036 افراد متاثر ہوئے ہیں اور42645 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔پیرو میں بھی صورتحال خراب تر ہوتی جارہی ہے ۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 375961 ہوگئی ہے اور 17843 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کووڈ 19 میں متاثر ہونے کے معاملے میں چلی اب آٹھویں نمبر پر ہے ۔ اب تک یہاں پر 343992 افراد متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 9020 ہے ۔انفیکشن کے معاملے میں برطانیہ نویں نمبر پر ہے ۔ اب تک یہاں 300270 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 45823 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔دوسری جانب خلیجی ملک ایران میں متاثرہ افراد کی تعداد 288839 تک پہنچ چکی ہے اور اس کی وجہ سے 15484 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ہمسایہ ملک پاکستان میں اب تک 273113 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 5822 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 272421 ہے جبکہ 28432 افراد دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں۔ وہیں سعودی عرب میں کورونا انفیکشن سے اب تک 264973 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 2703 کی موت ہوچکی ہے ۔ یوروپی ملک اٹلی میں 245864 افراد اس جان لیوا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 35102 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
نیپال : اب تک18483لوگ متاثر
کٹھمنڈو// نیپال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے 109 نئے معاملوں کی تصدیق کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 18483 ہوگئی ہے ۔وزارت صحت نے سنیچر کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں درج کئے گئے کل معاملوں میں سے 13053 لوگوں کو ٹھیک ہونے کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے اور اس وقت ملک میں کورونا کے 5385 سرگرم معاملے ہیں۔اس کے علاوہ چھ اضلاع ایسے ہیں جہاں کورونا وائرس کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ بھوجپور، پنچر، سنکھوا سبھا، رسووا، مناگ اور مسٹینگ ضلع میں کورونا کا کوئی سرگرم معاملہ نہیں ہے جبکہ روتہت، کیلائی اور بجورا ضلع میں کورونا کے 500 سے زیادہ سرگرم معاملے ہیں۔ملک میں ایک اور متاثر شخص کی موت کے بعد مرنے والو کی تعداد بڑھ کر 45 ہوگئی ہے ۔ اس سے پہلے جمعرات کو ملک میں کورونا کے 133 نئے معاملے درج کئے گئے تھے ۔(یو این آئی)
برازیل میں86449لوگوں کی موت
برازیلیا// جنوبی امریکی ملک برازیل میں عالمی وبا کورونا وائرس کا قہر مسلسل بڑھتا جارہا ہے اور ملک ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51147 نئے معاملوں کی تصدیق ہونے کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2343366 ہوگئی ہے ۔وزارت صحت نے سنیچر کے روز بتایا کہ اس دوران 1211 لوگوں کی موت کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 86449 ہوگئی ہے جبکہ اس وبا کی شروعات سے لیکر اب تک تقریباً 16 لاکھ لوگ ٹھیک ہوگئے ہیں۔اس سے ایک دن قبل برازیل میں ایک دن میں 55891 لوگ متاثر اور 1156 مریضوں کی موت کی تصدیق ہوئی تھی۔
شمالی کوریا نے کورونا کا پہلا مشتبہ کیس رپورٹ ہونے کا اعتراف کر لیا
سہول// شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اْن نے غیرقانونی طور پر جنوبی کوریا سے سرحد پار کر کے آنے والے شخص کے مبینہ طور پر کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سرحدی علاقے میں ایمرجنسی اور لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اگر اس شخص میں وائرس کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ شمالی کوریا میں پہلا کیس ہو گا جسے سرکاری سطح پر تسلیم کیا جائے گا۔شمالی کوریا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق کم جونگ نے ہنگامی اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے صورتحال کو خطرناک قرار دیا کیونکہ اس کے ذریعے سے وائرس ملک میں داخل ہو سکتا ہے۔تین دن قبل جنوبی کوریا بھیجا گیا یہ شخص دونوں کوریا کو ایک دوسرے سے الگ کرنے والی سرحد سے واپس آ گیا تھا اور بعد ازاں اس شخص میں کورونا وائرس کی علامات کا انکشاف ہوا۔کے سی این اے کے مطابق 3 سال قبل بھاگ کر جنوبی کوریا جانے والا شخص غیرقانونی طور پر سرحد عبور کر کے 19جولائی کو کائے سونگ شہر میں واپس آیا اور وہ مبینہ طور پر کورونا وائرس کا شکار ہے۔خبر رساں ایجنسی نے یہ نشاندہی نہیں کی کہ مشتبہ فرد کا ٹیسٹ کیا گیا ہے یا نہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص کے خون اور سانس کے اعضا کا تجزیہ کیا گیا جس سے میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔مذکورہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور اس بات کا پتا چلایا جائے گا کہ آیا اس شخص نے شمالی کوریا میں کسی سے ملاقات کی ہے یا نہیں۔ایک تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ یہ اعلان صرف اس لیے اہمیت کا حامل نہیں کہ شمالی کوریا میں پہلا مشتبہ کیس رپورٹ ہوا بلکہ اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ وہ مدد کی اپیل کر رہے ہیں۔کیونگ ہی یونیورسٹی کے پروفیسر چو جے وو نے کہا کہ یہ ایک اہم موقع ہے کیونکہ شمالی کوریا نے کورونا وائرس کا کیس تسلیم کر لیا ہے۔
مصر میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی
قاہرہ // مصر میں عالمی وبا کوروناوائرس کے یومیہ کیسز میں کمی کی اطلاعات ہیں، اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 511 نئے کیسزکی تصدیق ہوئی ہے ۔وزارت صحت کے ترجمان خالد مجاہد نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 40 افراد کی موت ہوچکی ہے جس سے یہ تعداد بڑھ کر4،558 ہوگئی ہے ۔ اس کے علاوہ اب تک 91583افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔