نئی دہلی//ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3591 نئے کیسزسامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 50ہزار سے زائد ہو چکی ہے اور اسی دوران 89مریضوں کی ہلاکت کے بعد اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1783 ہو گئی ہے ۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں صورتحال مسلسل تشویشناک بنی ہوئی ہے اور گزشتہ ایک دن میں ایک ہزار سے زائد 1233 نئے کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 16758 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران مزید 34 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 651 ہو گئی ہے ۔ وہیں ریاست میں 3094 مریض صحتیا ب بھی ہو چکے ہیں ۔گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 380 نئے کیسزسامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام ہے ۔ گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 6625 ہو گئی ہے اور مزید 28 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 396 تک پہنچ گئی ہے اور 1500 افراد صحتیا ب ہوکر اسپتال سے گھر واپس لوٹ گئے ہیں ۔قومی دارالحکومت دہلی میں بھی صورتحال تشویشناک ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 328 نئے کیسز درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 5532 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں ۔