جنیوا//یو این آئی// ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ کووڈ- 19 اب بھی بین الاقوامی تشویش کی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی (پی ایچ ای آئی سی) ہے ، جو ڈبلیو ایچ او کی سب سے زیادہ الرٹ کی سطح ہے ۔کورونا وائرس کی عالمی وبا شروع ہونے کے بعد سے ہفتہ وار اموات کی تعداد تقریباً اپنی کم ترین سطح پر ہونے کے باوجود یہ اعلان کیا گیا ہے ۔ڈبلیو ایچ او کی انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشنز ایمرجنسی کمیٹی نے گزشتہ ہفتے اپنے سہ ماہی جائزہ اجلاس کے بعد بدھ کے روز کہا کہ کووِڈ- 19 کے سنگین معاملوں میں کمی اور ہفتہ وار اموات کی تعداد میں کمی کے باوجود کووڈ-19 سے ہونے والی اموات دیگر تنفساتی وائرس کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کووڈ-19 سے متعلقہ پیچیدگیوں اور کووڈ-19 کے بعد کے حالات کے بارے میں بھی خبردار کیا، خاص طور پر کوروانا وائرس کے مکمل اثرات کے تناظر میں جو ابھی تک پوری طرح سے سمجھ میں نہیں آئے ہیں۔ کمیٹی نے کہا کہ شمالی نصف کرہ میں آنے والے موسم سرما میں یہ وباء مزید پھیل سکتی ہے ۔ دریں اثناء، کووڈ-19 کی عالمی نگرانی میں موجودہ خلا ئسے وائرس کی ابتدائی شناخت اور تشخیص میں رکاوٹ آئی ہے ۔