راجوری //محکمہ صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پون کوتوال نے 139کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہورہے راجوری میڈیکل کالج کے کام کاجائزہ لیا ۔اس پروجیکٹ کے تحت 69کروڑ سے انتظامی بلاک ،40کروڑ سے ڈاکٹروں،نیم طبی عملہ اور طلباء کے رہائشی بلاک اورتیس کروڑ سے ضلع ہسپتال کی اپ گریڈیشن ہوگی ۔ کوتوال کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری ، اے سی محکمہ مال عبدالقیوم میر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر چندر پرکاش ،نوڈل افسر جی ایم سی راجوری پروجیکٹ ڈاکٹر گیلانی ، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ایم اے رینہ وغیرہ بھی تھے ۔اس دوران ڈاکٹر پون کوتوال کو پروجیکٹ کے بارے میں تفصیل سے بتایاگیا اور انہیں اس بات سے بھی مطلع کیاگیاکہ آر سی سی کا ستانوے فیصد جبکہ کھدائی کا پینتیس فیصد کام ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ رقومات کی کوئی کمی نہیں اور اکتالیس کروڑ روپے بہت جلد جاری کردیئے جائیںگے ۔انہوںنے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کام میں تیزی لائی جائے اور اسے مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے ۔انہوںنے اس کام کو معیاری طور پر کرنے کی بھی ہدایت دی ۔اس دوران یہ فیصلہ بھی ہواکہ جی ایم سی میں ایک آڈیٹوریم بھی بنایاجائے گا۔بعد ازآں کوتوال نے ضلع ہسپتال کادورہ کرکے اس کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس دوران اس بات کا فیصلہ لیاگیاکہ ڈپٹی کمشنر راجوری کی قیادت میں سی ایم او ، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ اور جی ایم سی کے نوڈل افسرپر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ہسپتال کے اضافی بلاک کی تعمیر کیلئے ڈی پی آر تیار کرے گی اوراس پروجیکٹ کاتخمینہ تیس کروڑ کے اندر رکھاجائے گا۔ یہ کمیٹی اپنی رپورٹ پندرہ دنون میں پیش کرے گی ۔