کنگن//بلاک ڈیولپمنٹ افسر کنگن کی کرسی گذشتہ آٹھ ماہ سے خالی ہے جبکہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کی کرسی بھی ایک ماہ سے خالی پڑی ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے ان دونوں دفاتر کاکام کاج متاثر ہواہے۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع گاندربل کے بلاک ڈیولپمنٹ آفس کنگن میں بی ڈی او کا تبادلہ عمل میں لایا گیا جس کے بعد وہاں پر کام کاج متاثر ہوگیا تھا معلوم ہواہے کہ اس کے بعد بلاک ڈیولپمنٹ افسر گنڈ کو کنگن بلاک کا اضافی چارج دیا گیا جس کی وجہ سے بلاک آفس گنڈ میں آنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، جبکہ کنگن بلاک میں اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر کی کرسی بھی خالی ہوگئی تھی جس کے بعد گنڈ بلاک کے اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر کو کنگن بلاک کا اضافی چارج دیا گیا جس کی وجہ سے گنڈ بلاک میں آنے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس بارے میں جب کشمیر عظمیٰ نے ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیر قاضی سرور سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ محکمہ میں 40بی ڈی او، 150جونیئر انجینئر اور 40 اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئروں کی اسامیاں خالی ہیں جس کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں بی ڈی او کو دو دو بلاکوں کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے اس بارے میں حکومت کو لکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئروں کو آر اینڈ بی محکمہ سے رورل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں بھیجا جاتا ہے۔