اننت ناگ//جنوبی قصبہ بجبہاڑہ کے کنڈی پورہ علاقے میں فوج و فورسز اور جنگجوئوںکے مابین جھڑپ 14گھنٹوں بعد اختتام پذیر ہوئی جس دوران عسکری تنظیم جیش محمد سے وابستہ دو مقامی جنگجو جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک گائو خانہ تباہ ہو گیا ۔ جھڑپ کے اختتام کے ساتھ ہی ضلع اننت ناگ میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات بحال کی گئیں جو بدھ کی شام منقطع کردی گئی تھیں۔ ادھرجمعرات کو بجبہاڑہ، کنلون، زر پارہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں مفلوج رہیں۔
مسلح تصادم
کنڈی پورہ بجبہاڑہ میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کے بعد فوج کے 3آر آر ، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولیس نے بدھ کی شام دیر گئے علاقے کو محاصرے میںلیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں فورسز نے تلاشی آپرشن شروع کر دیا تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے فرار ہونے کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔لیکن سیکورٹی فورسز نے فوراً آپریشن بند کردیا کیونکہ شام کی وجہ سے اندھیرا چھا رہا تھا۔ جنگجوئوں کے فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر فورسز نے گائوں اور ممکنہ جگہ کی ناکہ بندی کردی اور روشنی کا انتظام کردیا۔گائوں میں رہائش پذیر آبادی کو گھروں میں ہی بیٹھنے کیلئے کہا گیا اور رات دیر گئے تک دونوں طرف سے کوئی فائرنگ نہیں ہوئی۔رات کے قریب 10بجے آپریشن ملتوی کردیا گیا۔ رات بھر آپریشن ملتوی رہنے کے دوران پولیس اور فورسز نے محصور 2جنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی متعدد بار پیشکش کی لیکن انہوں نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ جمعرات کی صبح روشنی کی پہلی کرن کیساتھ ہی بستی میں دوبارہ آپریشن شروع کر دیا گیا جس دوران رہائشی مکان میں پھنسے جنگجوئوں کو بار بار خود سپردگی کرنے کا موقعہ فراہم کیا گا تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرادی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے بھی جوابی کارورائی کی ۔ کئی گھنٹوں تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد فورسز نے نثار احمد بٹ کے مکان کے نزدیک گائو خانے کو باررودی دھماکے سے اڑا دیا ۔اسکے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا اور بعد میں ملبے سے دو جنگجوئوں کی نعشیں ہتھیاروں سمیت بر آمد کر لی گئیں ۔پولیس بیان کے مطابق کنڈی پورہ بجبہاڑہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق ایک مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر بدھ کی شام آٹھ بجے تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ جنگجوئوں کوہتھیار ڈالنے کا موقع فراہم کیا گیا ، تاہم ، انھوں نے مشترکہ تلاشی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ، ۔اندھیرے کی وجہ سے آپریشن کو معطل کیاگیا اور جمعرات صبح دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دو جنگجوجاں بحق ہوئے، جن کی شناخت عادل احمد بٹ ساکن شٹ پورہ بجبہاڑہ اور زاہد احمد راتھر ساکن سرہامہ اننت ناگ کے طور پر کی گئی ہے ، جو جنگجو تنظیم جیش محمد کیساتھ منسلک تھے ۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ، ہلاک شدہ جنگجو متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ۔ معرکہ آرائی کی جگہ سے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت تفتیشی مواد برآمد ہوا۔ ایس ایس پی اننت ناگ سندیپ چودھری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ کو علاقہ میں جنگجوؤں کی موجودگی کے حوالے سے مخصوص اطلاع موصول ہوئی تھی۔دونوںجنگجوؤں کو خود سپردگی کا موقع فراہم کیا گیا جس کو اْنہوں نے ٹھکرا کر فورسز اہلکاروں پر فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مقامی نوجوان خود سپردگی کرکے اپنی زندگی خوشحال طریقے سے گذارے۔ضلع میں موبائل انٹرنیٹ جمعرات دوپیر تک بندرہا۔ انکائونٹر کے بعد چند مقامات پر حفاظتی اہلکاروں اور نوجوانوں کے بیچ پتھرائو کے واقعات بھی رونما ہوئے۔