عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شوپیان کے چیک چوٹی پورہ گاوں میں جمعہ کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب تین سالہ بچہ تالاب میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق بچہ تالاب کے قریب کھیل رہا تھا کہ اچانک پھسل کر پانی میں جا گرا۔ گاوں کے افراد فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بچے کو نکال کر ضلع اسپتال شوپیان منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت مہران ذاکر ولد ذاکر حسین کولی ساکن چیک چوٹی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس واقعے نے پورے گاوں کو صدمے میں ڈال دیا اور لوگ بڑی تعداد میں اہل خانہ کے گھر پہنچ کر ہمدردی کا اظہار کرنے لگے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔