عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس کے ایک وفد نے جمعہ کو صوبائی کمشنر کشمیر انشل گَرگ سے ملاقات کی، جس دوران سرینگر کے تاجروں کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اعجاز شہدار کی قیادت میں وفد نے ملاقات میں انفراسٹرکچر کی خامیاں، سڑک رابطہ، فائر سیفٹی، سمارٹ سٹی کی دیکھ ریکھ، بجلی سپلائی کا منصوبہ اور پارکنگ کی کمی جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔الائنس نے ایک بیان میں صوبائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وفد کے مسائل پوری توجہ سے سنے اور مثبت رویہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے حبہ کدل پل کی بندش سے تقریباً 400 دکاندار متاثر ہیں اور کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ پل کو ہلکی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے فوری طور پر کھولا جائے تاکہ مقامی تجارت کو سہارا مل سکے۔انہوں نے سمارٹ سٹی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بازار کی ظاہری حالت بہتر ہوئی ہے، تاہم مرمت و دیکھ ریکھ میں کمی سے ٹائلیں اور دیگر تعمیرات نقصان کا شکار ہو رہی ہیں۔شہدار نے کرن نگر میں سمارٹ سٹی کے تحت بچھائی گئی زیرِ زمین بجلی لائنوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ بھاری خرچ کے باوجود دوبارہ اوور ہیڈ پولز نصب کیے جا رہے ہیں، جو ’’منصوبے کے اصل مقصد کے خلاف‘‘ ہے۔ انہوں نے زیرِ زمین کیبل سسٹم کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔گفتگو کے دوران صوبائی کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ پیش کیے گئے تمام معاملات متعلقہ محکموں کے ساتھ زیرِ غور لائے جائیں گے اور ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔