راجوری // راجوری کی تمام مساجد سے نماز جمعہ کے خطبہ میں ائمہ کرام نے کشمیر میں ہورہی زیادتیوں کے خلاف سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر طاقت کا استعمال بند کیا جائے۔خطیب مرکزی جامع مسجد مولوی غلام رسول نے کہا کہ مرکزی سرکارکی طرف سے ر وز کوئی نیا اعلان ہوتا ہے جو عوام کے حق میں نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کالجوں میں فورسز کے داخلے کو کس نے جائز قرار دیا جس کے بعد فورسز نے طلباء اور طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا ،اس سے بڑھ کر اور ظلم کی کونسی مثال ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئے اورملوث فورسز آفیسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح سے عام لوگوں کو تشدد کا نشانہ نہ بنایا جائے ۔ وہیں خطیب جامع مسجد روح بلال حافظ محمد الیاس نے بھی چندر پرکاش گنگا کابینہ وزیر بھاجپا سینئر لیڈر کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حالات بہتر بنانے کے بجائے مزید خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اورریاستی عوام پر تشدد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دوسری طرف سرکاری بیانات قابل افسوس ہی نہیں بلکہ شرمناک بھی ہیں۔