عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر میں زیادہ تر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ وادی میں اس ہفتے موسم سرما میں میدانی علاقوں میں پہلی برف باری کا امکان بھی ہے۔جہاں کشمیر کے اونچے علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، وہیں محکمہ موسمیات نے اس ہفتے سرینگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ نے کہا کہ 22سے24اور 26سے28جنوری کے دوران دو مغربی ہوائوں کے مرحلے جموں و کشمیر کو تیزی سے متاثر کریں گی۔اس نے کہا کہ ان کے زیر اثر، وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش/برفباری متوقع ہے، جس میں چند مقامات پر شدید بارشیں ہوں گی اور 23اور 27جنوری کو اہم سرگرمیاں ہوں گی۔ادھرگلمرگ میں برف باری کا الرٹ جاری کرتے ہوئے اہم سڑکوں پر بھاری گاڑیوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ نے منگل کے روز موسم کی تازہ ایڈوائزری جاری کی، جس میں آنے والے دنوں میں گلمرگ اور بارہمولہ ضلع کے ملحقہ علاقوں کو متاثر کرنے کے امکان سے متعلق وارننگ دی گئی۔پیشگوئی کے پیش نظر، گلمرگ سب ڈویژن کے بالائی علاقوں، پہاڑی ڈھلوانوں اور برفانی تودے کے شکار مقامات پر رہنے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت اور اونچائی والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں ۔ایڈوائزری میں ٹنگمرگ گلمرگ روڈ اور ٹنگمرگ باباریشی روڈ پر دونوں سمتوں میں بسوں اور ٹرکوں سمیت بھاری موٹر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ اینٹی اسکڈ چینز والی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ حکام نے منگل کو بتایاکہ سرینگر میں پیر کی رات منفی 3.4ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سونمرگ منفی 6.2، شوپیان اور پلوامہ قصبوں میں بالترتیب منفی 4.8 اور منفی 5.5، پہلگام منفی 4.4، گلمرگ منفی 5.5، قاضی گنڈ منفی 2.3، کوکرناگ میں منفی 0.6اور کپوارہ میں منفی 1.2ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔