اشفاق سعید
سرینگر//وادی کشمیر میں شدید برفباری اور تیز ہوائوں کے باعث بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں بیشتر اضلاع میں مکمل یا جزوی بریک ڈائون کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی)اور کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل )کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق 23 جنوری کی صبح تک وادی میں 33 کے وی کے زیادہ تر فیڈرز بند پائے گئے۔محکمے کے مطابق مجموعی طور پر وادی کشمیر میں موجود 135 کے 33 کے وی فیڈنگ لائنوں میں سے صرف 32 فیڈنگ لائنیں فعال رہیں، جبکہ 103 مکمل طور پر بند تھیں،۔صرف 24 فیصد بجلی نظام ہی کام کر رہا تھا۔اضلاع وار صورتحال نہایت تشویشناک رہی۔ سرینگر ضلع میں مجموعی طور پر 42 کی33 کے وی فیڈنگ لائنیں ہیں، جن میں سے 22 فعال جبکہ 20 فیڈنگ لائنیں بند رہیں۔ بڈگام ضلع میں صورتحال مزید سنگین رہی جہاں تمام 12 کی 33 کے وی فیڈنگ لائنیں بند ہونے کے باعث بجلی سپلائی مکمل طور پر معطل رہی۔گاندربل ضلع میں 7 فیڈنگ لائنوں میں سے صرف ایک فعال تھی جبکہ 6 بند پائی گئیں۔ بانڈی پورہ ضلع میں تمام 7 فیڈنگ لائنیں بند رہیں جس سے پورے ضلع میں بجلی شدید متاثر رہی۔ بارہمولہ ضلع میں بھی صورتحال انتہائی خراب رہی جہاں 18 میں سے سبھی 18 فیڈرنگ لائنیں بند رہیں، جبکہ حکام کے مطابق 132 کے وی لائن کی عدم دستیابی کے باعث بجلی سپلائی مکمل طور پر معطل رہی۔کپواڑہ ضلع میں بھی تمام 7 ، 33 کے وی فیڈرنگ لائنیں بند رہیں اور یہاں بھی 132 کے وی لائن دستیاب نہ ہونے کے سبب بجلی سپلائی متاثر ہوئی۔ پلوامہ ضلع میں مکمل بریک ڈائون کی صورتحال دیکھنے میں آئی جہاں 17 میں سے تمام 17 لائنیں بند رہیں۔ شوپیان ضلع میں بھی تمام 6 لائنیں بند ہونے کے باعث بجلی سپلائی پوری طرح معطل رہی۔جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں 6 لائنوں میں سے 2 لائنیں جزوی طور پر فعال رہیں جبکہ 4 بند رہیں۔ اننت ناگ ضلع میں نسبتاً بہتر صورتحال رہی جہاں 13 میں سے 7 لائنیں فعال جبکہ 6 لائنیں جزوی یا مکمل طور پر بند پائی گئیں۔