سرینگر//کشمیر مرکزادب وثقافت کی طرف سے پیر کوٹائون ہال چرار شریف میں ایک سمینار منعقد کیا گیا ۔سمینار کے دوران2021کا ’خلعت نور‘ ایوارڈ معروف شاعر غلام رسول جوش کودیا گیا ۔تقریب کی صدارت پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی جبکہ ایوان صدارت میں پروفیسر شاد رمضان، ڈاکٹر غضنفر علی صدر مرکزادب ، شاعر مجید مسرور ،فاروق فدا پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول پکھر پورہ اورایڈوکیٹ عبدالرشید حازم وغیرہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر یونس وحید نے اپنا مقالہ پیش کیا ۔ معروف شاعر مشتاق محرم نے جوش کی ادبی و سماجی خدمات کے حوالے سے اپنے ذریں تاثرات پیش کئے۔ فاروق فدا اور شفیع شبنم نے بھی غلام رسول جوش کے بارے میں اپنے تاثرات پیش کئے۔دوسری نشت میں کشمیر مرکز ادب کے رکن نذیر سالک کا شعری مجموعہ ’زگ تہ پرون‘ کی رسم رونمای انجام دی گئی جس پر علی احسن نے تبصرہ کیا ۔ تقریب کے اختتام پر محفل مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میں عبدالرشید شاد، غلام رسول صدور، نذیر سالک، نعیم کشمیری، اسداللہ اسد، مشتاق محرم، نظیر قریشی ، فاروق فدا اور دیگر شعرا نے اپنا اپنا کلام پڑھا۔میونسپل کمیٹی کے چیئرمین زاہد جان نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ صحافی فاروق وانی نے بھی اپنے تاثرات پیش کے ۔