کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے قصبہ میںسنسنی خیز چوری کے ایک واقعہ کو حل کرکے 3افراد کو گرفتار کیا اورا نکے انکشاف پر لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد کیا ۔پولیس بیان کے مطابق 26جنوری کے روز ایک شخص لیاقت علی ولد نصر اللہ دین ساکنہ پونچھ ،جو کہ ائیر ٹیل ٹیلی کام میں ایک سائٹ انجینئر ہے، نے پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں رپورٹ درج کرائی کہ بعض نامعلوم افرادنے کلید چوک کے نزدیک کا م کرنے کی جگہ سے فائبر نیٹ ورک کیبلنگ پروجیکٹ سے سامان چرا لیا ہے۔پولیس نے اس رپورٹ پر ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 19/2018 زیر دفعہ 379 ۔آر پی سی پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں درج کیا اور تحقیقات شروع کر دی۔ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری کی ہدایت پر ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کشتواڑ انسپکٹر سمیر جیلانی کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی نے مشتبہ نقب زنوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔کافی کاوشوں کے بعد معاملہ آخر کار حل کیا گیا اور عبدالرشید بٹ ولد غلام قادر ،امت شرما ولد ناگیش شرما اور ثاقب شبیر ولد شبیر احمد ساکنان سنگرام بھاٹا کشتواڑ کو گرفتار کیا ۔پولیس نے تینوں کوحراست میں لیکر معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔برآمد کئے ہوئے مال مسروقہ میں Duct pipe 500میٹر کا ایک بنڈل، 10ڈی وی سی پائپس اور Coplur اور 50عدد پلگس اور تجدید شدہ 30 duct pipes شامل ہیں۔پولیس ان مبینہ ملزمان سے مزید پوچھ تاچھ کر رہی ہے، تاکہ یہ پتہ کیا جا سکے کہ وہ کسی اور چوری کے واقعے میں ملوث تو نہیں ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتہ پولیس اسٹیشن چھاترو نے 24گھنٹوں کے اندر چوری کا واقعہ حل کرکے 4لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ برآمد کیا ہے۔