کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے جنگلات مسلسل آگ کی شدید لپیٹ میں ہیں اورچاروں اطراف دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ خاموس تماشائی بنی بیٹھی ہے جسکے سبب سینکڑوں کی تعداد میں سر سبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق قصبہ کے گردونواح کے قریبی جنگلات میں ہر طرف آگ لگی ہے جس سے دھواں ہی دھواں پھیلا ہوا ہے۔ جہاں پوتی ناگ کے جنگلات جل رہے ہیں وہیں ترگام و لڈنی کے جنگلوں میں بھی آگ لگی ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے ملازمین کی خاموشی پر سوال اٹھائے ہیں۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوے عمران شاہ نامی مقامی شہری نے بتایا کہ سبز سونے کو جلاکر راکھ کیا جارہا ہے لیکن متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بناہوا ہے اور آگ پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔ انھوں نے محکمہ کے ملازمین پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انکی ملی بھگت سے ہی جنگل مافیا اس طرح کی حرکت کررہاہے۔ان کاکہناتھاکہ قصبہ سے چند کلومیٹرکی دوری پر واقع ان جنگلات میں آگ لگائی جارہی ہے اورضلع انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔جنید احمد نے بتایا کہ ہرسال آگ کی واردات میں ہزاروں کی تعداد میں سرسبز پیڑپودے جل کرراکھ ہوجاتے ہیں جبکہ یہ ہر سال کا معمول بنا ہوا ہے اور قصورواروں کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہیں عمل میں لائی جاتی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر انکے خلاف کاروائی ہوتی تو اس طرح ااگ کی وارداتیں انجام نہ دی جاتیں۔