؎کشتواڑ//قصبہ میں بوستان اور ہڑیال کے علاقوں میںپانی کی قلت کو لیکر جمعہ کے روز زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔ہڑیال میں مکینوں نے مسجد محمدی کے نزدیک احتجاج کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل ڈالی جسکی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا ۔مظاہرین محکمہ صحت عامہ کے خلاف پینے کے پانی کی باقاعدہ سپلائی نہ کرنے کے خلاف مظاہرے کر رہے تھے۔اُن کا الزام تھا کہ متبرک ماہ رمضان کے دورا ن بھی لوگوں کو پینے کا پانی فراہم نہیں ہو رہا ہے ۔علاقہ کے مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے جمع ہو کر محکمہ صحت عامہ کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین محکمہ کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے انہوں نے گُذشتہ کئی دنوں سے انہوں نے نہایا نہیں ہے اور گندے کپڑے ہی پہننے پر مجبور ہو گئے ہیں۔اُنہوںنے قصور وار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کافی عرصہ سے چلی آرہی ہے اور حُکام سے اگرچہ کئی بار استدعا کی گئی لیکن اس پر انکاکوئی اثر نہیں ہوا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر انکے مطالبات حل نہیں کئے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔مظاہرہ کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع انتظامیہ کے کئی سینئر اہلکار موقعہ پر پہنچے اور مظاہرین کو عنقریب ہی یہ مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کی۔ تاہم مُظاہرین نے انتباہ کیا کہ اگر انکے مطالبات حل نہیں ہوئے اور پانی کی باقاعدہ سپلائی نہیں ہوئی تو وہ دوبارہ احتجاج کریں گے۔