عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے ناگسینی پولر علاقہ میںمدرسے و مسجد پر حملہ کرنے کی جھوٹی خبر پھیلانے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز ایک برادری کے لوگ جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر لارہے تھے جس دروان لکڑی کا ایک ٹکڑا پھسل کر مدرسہ کے قریب آکر رک گیا جس کی وجہ سے پولیس چوکی پڈیارنا کے دائرہ کار میں دو برادریوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے بعد دونوں طرف سے پتھراؤ ہوا اور چند افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ اس سلسلے میں کشتواڑ پولیس نے نوٹس لیا اور دفعہ 125، 125 A ،191(2) بی این ایس کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر 262/25درج کی گئی اور اسی کے مطابق تحقیقات شروع کی گئی۔ دریں اثنا سوموار کو کشتواڑ کے ایک شخص نے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا جس میں اسے ایک مذہبی مقام پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسے فرقہ وارانہ زاویہ دینے کی کوشش کی گئی جس سے عوامی امن و امان میں خلل پڑا۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایک ایف آئی آر زیر نمبر 263/25دفعہ 353بی این ایس کے تحت پولیس سٹیشن کشتواڑ میں درج کر کے اس شخص کو حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے بیان جاری کرتے ہوے عام لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ کوئی بھی شخص ایسی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا تو قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
Box