فیاض بخاری
بارہمولہ // ضلع بارہمولہ کے سالوسا کریری علاقے میں نامعلوم افراد نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک غریب شہری کے ہائی ڈینسٹی سیب کے باغ کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق متاثرہ شخص، جو اپنی روزی روٹی کے لیے مکمل طور پر باغبانی پر انحصار کرتا ہے، صبح کے وقت جب اپنے باغ پہنچا تو اس نے دیکھا کہ اس کے ہائی ڈینسٹی سیب کے متعدد قیمتی درخت نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے کاٹ دیے گئے تھے۔ درختوں کی کٹائی سے باغ کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ خاندان شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہے۔مقامی باشندوں نے اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف کسانوں کی محنت کو تباہ کرتے ہیں بلکہ علاقے میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کرکے ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں باغات کو نقصان پہنچانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر رات کے وقت گشت بڑھانے اور باغبانوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے اور ذمہ دار افراد کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔مقامی لوگوں نے حکومت سے متاثرہ شہری کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے تاکہ اس کے معاشی نقصان کا کچھ ازالہ ممکن ہو سکے۔