عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر اعلی عمر عبداللہ نے قانون ساز اسمبلی میں کہا کہ کرناہ میں سرحدی سیاحت، ہائیکنگ اور ٹریکنگ کے بے پناہ امکانات موجود ہیں اورحکومت علاقے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع پروگرام پر کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ اسمبلی کے جاری بجٹ سیشن کے دوران وقفہ سوالات میں رکن اسمبلی کرناہ کی جانب سے اٹھائے گئے ضمنی سوال کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا’’سرحدی سیاحت کے حوالے سے امکانات موجود ہیں، ہائیکنگ اور ٹریکنگ کے بھی وسیع مواقع ہیں اور کرناہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ حکومت اس علاقے میں مکمل سیاحتی فروغ کو یقینی بنانے کے لئے ایک پروگرام تیار کر رہی ہے‘‘۔وزیراعلی ، جن کے محکمہ سیاحت کا قلمدان بھی ہے، نے دیرپا اور نچلی سطح پر سیاحتی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ہوٹل تعمیر کرنے کے بجائے ہوم سٹے سہولیات کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا’’ہمیں سیاحت کو نچلی سطح پر فروغ دینا چاہیے، میرا خیال ہے کہ اس سے علاقے کو زیادہ فائدہ ہوگا‘‘۔انہوں نے مقامی نمائندے کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ کرناہ جیسے دور دراز علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا’’اس میں کوئی شک نہیں کہ ایم ایل اے موصوف کا علاقہ انتہائی خوبصورت ہے لیکن یہ دور افتادہ بھی ہے۔ ممکن ہے کہ ہم سیاحت کے فروغ کیلئے اتنا کام نہ کر سکے ہوں جتنا کرنا چاہیے تھا‘‘۔وزیر اعلی نے ٹی ڈی ڈرنگیاری سے سادھنا پاس کے راستے زرلا تک مجوزہ کیبل کار منصوبے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال محکمہ سیاحت کے زیر غور ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔انہوں نے دوسرے خطوں کی مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس تاثر سے خبردار کیا کہ کیبل کار کی تنصیب سے سیاحوں کی آمد میں خود بخود اضافہ ہوتا ہے۔انہوںنے گلمرگ، جموں، سرینگر اور پتنی ٹاپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعدد مقامات پر گنڈولہ کی سہولیات کے باوجود سیاحوں کی تعداد گلمرگ میں ہی زیادہ رہتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا’’ہر کوئی گلمرگ پرنظر رکھتا ہے اور سوچتاہے کہ اگر ان کے علاقے میں کیبل کار لگا دی جائے تو اسی طرح سیاح آئیں گے۔ یہ درست نہیں ہے‘‘۔انہوںنے مزیدکہا ’’اگر مناسب منصوبہ بندی کے بغیر گنڈولہ نصب کیا جائے اور وہ قابلِ عمل نہ ہو تو اس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا‘‘۔انہوں نے اِس بات کا اعادہ کیاکہ حکومت جموں و کشمیر بھر میں سیاحت کے فروغ کے لئے پرعزم ہے اور کم معروف مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے کام کر رہی ہے، بشرطیکہ وسائل اور عملداری دستیاب ہو۔وزیراعلیٰ نے کرناہ حلقہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات کا بھی ذکر کیا جن میں ڈرنگیاری میں سیاحتی کیفے ٹیریا اور عوامی سہولیات کی تعمیر جنوری 2023 میں ڈرنگیاری میں سرمائی کارنیول کا اِنعقاد اور جون 2024 میں ٹیٹوال میں’ میگا یوگافیسٹول ‘کا اِنعقاد شامل ہے۔انہوں نے کہا’’ان اقدامات کا مقصد سیاحوں کی آمد میں اضافہ کرنا اور مقامی آبادی کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے‘‘۔