عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کانگریس نے جمعتہ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کے مرکزی حکومت پر لگائے گئے الزامات کو درست قرار دیا ہے۔سری نگر پہنچے کانگریس ورکنگ کمیٹی اور اتر پردیش میں کانگریس کے سابق صدر رہے اجے کمار لْلو نے کہا کہ، “ہم سپریم کورٹ یا دیگر عدالتوں پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ لیکن جس طرح سے بی جے پی اداروں پر حملہ کر رہی ہے، لوگوں کے حقوق چھینے جا رہے ہیں۔”اے آئی سی سی آبزرور برائے سری نگر اجے کمار للو کا یہ تبصرہ جمعیتہ علماء ہند (جے یو یو) کے صدر مولانا محمود مدنی کے ان بیانات کے ردعمل میں آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت کے زیر اہتمام ظلم و ستم کی وجہ سے مسلمان سڑکوں پر چلنا غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔نچلی سطح پر قیادت کی اوور ہالنگ کی ملک گیر مہم کے بارے میں اجے کمار للو نے کہا کہ کسی بھی نئے ضلع صدر کا تقرر قائدین کی سفارشات پر نہیں کیا جائے گا بلکہ جمہوری مشق کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا۔کانگریس پارٹی نے سری نگر کے لیے اپنے ضلعی صدر کے انتخاب کے لیے سری نگر میں مہم کا آغاز کیا۔ اے آئی سی سی آبزرور برائے سری نگر اجے کمار للو نے کہا کہ ضلعی صدور کا تقرر کسی رہنما کی سفارشات پر نہیں کیا جائے گا بلکہ ورکنگ کمیٹی کے ذریعہ چھ امیدواروں میں سے انتخاب کیا جائے گا۔للو نے سری نگر میں نامہ نگاروں کو بتایا، “امیدوار نے کانگریس پارٹی میں مسلسل چار سال تک کام کیا ہوگا، اور اسے پارٹی اور راہل گاندھی کے نظریے پر عمل کرنا چاہیے۔”للو سری نگر شہر میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں اور پارٹی کارکنوں سے ممکنہ امیدواروں کے بارے میں رائے لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک یہ مشق 10 ریاستوں میں مکمل ہو چکی ہے اور اس ماہ کے آخر تک باقی ریاستوں کا احاطہ کر لیا جائے گا۔