راجوری// کراس ووٹنگ کے باوجود ، گپکار اتحاد ، کانگریس کی مدد سے ضلع راجوری میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات جیتنے میں کامیاب رہا۔ نیشنل کانفرنس کے نسیم لیاقت چیئرمین اور کانگریس کے سابق وزیر شبیر احمد خان وائس چیئرمین منتخب ہوئے۔جمعہ کے روز ڈی سی آفس کمپلیکس میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے اجلاس ہوا جس میں ضلع راجوری کے 14 ڈی ڈی سی ممبران نے حصہ لیا۔اس سے قبل چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے پہلا اجلاس 13 فروری کو ہوا تھا لیکن مطلوبہ کورم نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا کیونکہ اجلاس میں چودہ میں سے صرف 9 اراکین موجود تھے۔عہدیداروں نے بتایا کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے دوسرا اجلاس جمعہ کو ڈی سی آفس کمپلیکس میں ہوا جس میں تمام چودہ ممبران شریک تھے جن میں نیشنل کانفرنس کے پانچ ، کانگریس کے تین ، بی جے پی کے تین ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور اپنی پارٹی کا ایک ایک رکن اور ایک آزاد امیدوار شامل ہیں۔عہدیداروں نے مزید بتایا کہ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے ذریعہ انتخابی عمل شروع ہونے کے بعد ، بدھلڈ اولڈ بی (پیری) سے ڈی ڈی سی ممبر نیشنل کانفرنس سے وابستہ ایڈوکیٹ نسیم لیاقت نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ کانگریس کے شبیر احمد خان نے ڈی ڈی سی حلقہ مانجکوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے وائس چیئرمین کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔"این سی کے نسیم لیاقت 14 میں سے 8 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہوئے جبکہ کانگریس کے شبیر احمد خان نے6 ووٹ حاصل کرنے کے بعد وائس چیئرمین کے طور پر کامیابی حاصل کی۔