محتشم احتشام
پونچھ//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے بلاک پونچھ کے سرحدی گاؤں جھلاس میں ایک عوامی دربار منعقد کیا، جس میں مقامی لوگوں کے مسائل، شکایات اور ترقیاتی مطالبات کو بغور سنا گیا۔عوامی دربار کے دوران مقامی باشندوں نے سڑکوں کی خستہ حالی، آبپاشی سہولیات، طبی خدمات کی بہتری، سیاحتی امکانات کے فروغ، بجلی کی غیر معیاری فراہمی، بنکروں کی تعمیر اور سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ جیسے اہم مسائل کو اجاگر کیا۔ عوام نے جھلاس میں بینک شاخ اور اے ٹی ایم سہولت کے قیام کے علاوہ جلاس گراؤنڈ میں پورٹروں کی بھرتی کا مطالبہ بھی پیش کیا۔
علاقے میں غیر قانونی کان کنی کا مسئلہ بھی عوامی توجہ کا مرکز بنا رہا، جہاں لوگوں نے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے عوامی مسائل کو نہایت تحمل اور سنجیدگی سے سنا اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔دربار کے دوران مختلف محکموں کے افسران نے عوام کے سوالات کے جوابات دیے اور بتایا کہ مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اشوک کمار شرما نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور مشتبہ سرگرمیوں یا منشیات فروشوں سے متعلق معلومات فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچائیں۔تقریب کے دوران چیف ایگریکلچر آفیسر نے مقامی لوگوں کو حکومت کی مختلف زرعی اور باغبانی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی اور بتایا کہ عوام ان اسکیموں کے تحت سبسڈی اور دیگر فلاحی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ علاقے میں عوامی بیداری کیمپ منعقد کیے جائیں تاکہ لوگ سرکاری فلاحی اسکیموں سے گھر کی دہلیز پر زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد سعید، اے سی ڈی نعیم النساء بٹ، چیف ایگریکلچر آفیسر، مختلف محکموں کے ایگزیکٹو انجینئرز، ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔