عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے بلاک پنجگرین کے وائبرنٹ ولیج چھپر دھارا میں ایک عوامی رابطہ کیمپ منعقد کیا، جس کا مقصد عوامی مسائل سننا، ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لینا اور مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں کے نفاذ کا معائنہ کرنا تھا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ملک زادہ شیراز الحق، پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس ہربل سنگھ، چیف پلاننگ آفیسر مقصود احمد، اے سی آر محمد جہانگیر خان، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ عاقل نوید، چیف ایگریکلچر آفیسر راجیش ورما، اے آر ٹی او عاشق رفیق ملک، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر عبد الرحیم، اسسٹنٹ لیبر کمشنر پردیوت گپتا، جل شکتی اور پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹو انجینئرز سمیت مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔کیمپ کے دوران مقامی لوگوں نے سڑک، پانی، بجلی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اپنے مسائل اور مطالبات پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوامی شکایات کو بغور سنا اور یقین دلایا کہ تمام جائز مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔مختلف محکموں کے افسران نے عوام کو جاری ترقیاتی کاموں اور سرکاری فلاحی اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا اور مستحق افراد کو حکومتی فوائد حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ کو گاؤں میں ٹائلڈ اندرونی راستوں کے لیے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ابھیشیک شرما نے کہا کہ راجوری ضلع کے آٹھ دیہات کو وائبرنٹ ولیجز پروگرام کے تحت شامل کیا گیا ہے، جہاں سڑک، بجلی، انٹرنیٹ اور ٹی وی رابطہ بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے ‘‘نشہ مکت جموں و کشمیر’’ مہم کے بارے میں بھی عوام کو بیدار کرتے ہوئے منشیات کے خاتمے کے لیے سماجی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر عوام کو مختلف سماجی تحفظ اسکیموں کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی اور ایک عہد بھی دلایا گیا کہ ضلع کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے سب مل کر کام کریں گے۔مقامی لوگوں نے دور افتادہ گاؤں میں کیمپ منعقد کرنے پر ضلع انتظامیہ کی سراہنا کی۔