مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ڈھرانہ تا نکی محلہ 3کلو میٹر سڑک برسوں بعد بھی مکمل نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کومشکل ایام میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کئی برس قبل محکمہ پنچایت کی جانب سے شروع کی گئی تھی تاہم زمینی کٹائی کے بعد سڑک کو مکمل کرنے میں محکمہ نے کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی ۔انہوں نے کہاکہ ابتدا میں سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت شروع ہوئی تھی تاہم سڑک مزید ابتر ہونے کی وجہ سے اب گاڑیوں کی آمد ورفت بھی بند ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی نہ تو نالیاں بنائی گئی ہیں اور نہ ہی حفاظتی باندھ تعمیر کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی زمینیں بارشوںکی پانی سے تباہ ہو تی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی تعمیر کی تحقیقات کرنے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی جائے جبکہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔