اشتیاق ملک
ڈوڈہ //اپنی مختلف مانگوں کے حق میں گزشتہ کئی دنوں سے ہڑتال پر بیٹھے صفائی کرمچاریوں نے بدھ کے روز ڈوڈہ میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی معراج ملک کے خلاف نعرہ بازی کی اور ان کا پتلانذر آتش کیا۔احتجاجی صفائی کرمچاریوں کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے اپنے جائز مطالبات کو لے کر سراپا احتجاج ہیں، تاہم ان کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی ہڑتال اور مطالبات پر توجہ دینے کے بجائے ایم ایل اے معراج ملک نے قصبہ ڈوڈہ میں جمع گندگی کو مشینوں کے ذریعے صاف کروانے کی کوشش کی، جس سے صفائی کرمچاریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔مظاہرین نے کہا کہ اگر عوامی نمائندے ان کے مسائل سننے اور حل کرنے کے لیے آگے آتے تو صورتحال مختلف ہوتی، لیکن ان کے مطابق انتظامیہ اور عوامی نمائندوں نے ان کے مطالبات کو نظر انداز کیا ہے۔احتجاج کے دوران صفائی کرمچاریوں نے ایم ایل اے معراج ملک اور میونسپل حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور اپنے مطالبات کی فوری منظوری کا مطالبہ کیا۔احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے تب تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ صفائی کرمچاریوں کو درپیش مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے اور ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ادھر بھدرواہ میں بھی صفائی کرمچاریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ منتخب نمائندے صفائی ملازمین کے مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں، جس کے باعث ملازمین میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ احتجاجی مظاہروں کے باعث ڈوڈہ اور بھدرواہ کے کئی علاقوں میں صفائی کا نظام متاثر رہا، جبکہ ملازمین نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک ان کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔واضح رہے کہ صفائی کرمچاری گزشتہ کئی دنوں سے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال پر ہیں اور حکومت سے جلد مذاکرات اور مسائل کے مستقل حل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔