ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں مسلسل پانچویں روز بھی کرونا کرفیو نافذ رہا جس دوران سخت بندشیں عائد کی گئیں اور صبح دس بجے کے بعد شہر و گام میں واقع بازار و دوکانیں مکمل طور پر بند رہیں جبکہ سڑکوں پر مال بردار و ایمرجنسی سروسز کے لئے استعمال کی گئی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔پولیس و سیکورٹی فورسز کی نفری کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی۔عید کے پیش نظر قصبوں و دیہاتوں کے بازاروں میں اعلیٰ الصبح کافی تعداد میں لوگ خریداری کے لئے پہنچے۔ اس دوران انتظامیہ نے سیول سوسائٹی کے اسرار پر کریانہ دوکانوں کے شیڈول میں ترمیم کرکے بدھ، جمعہ و پیر کو صبح چھ سے دس بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی وہیں سرکاری ملازمین کو متعلقہ ایچ او ڈی سے کرفیو پاس جاری کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ مسلسل لاک ڈؤن کی وجہ سے کئی سبزی فروشوں و چکن بیچنے والے افراد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بندشوں کے باعث خریداری بہت کم ہورہی ہے جس کے نتیجے میں دوکانوں میں موجود سبزیاں، پھل و گوشت خراب ہو رہا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔ اس دوران انجمن اسلامیہ و دیگر مذہبی جماعتوں نے عید الفطر کے حوالے سے مسلمانوں سے حفاظتی انتظامات کے ساتھ اپنی محلہ مساجد میں ہی عید کی نماز ادا کرنے کی درخواست کی ہے اور مرکزی عید گاہوں و جامع مساجد میں بہت کم تعداد میں آنے کی اپیل کی ہے۔