ڈوڈہ+کشتواڑ //ڈوڈہ ضلع میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔مسلسل بارشوں و پہاڑوں پر تازہ برفباری کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے جبکہ رابطہ سڑکیں زیر آب ہوئیں ہیں۔اطلاعات کے مطابق منگل کی شب شروع ہوئی میدانی علاقوں میں بارش و پہاڑوں پر تازہ برفباری کا سلسلہ بدھ کو دن بھر جاری رہا تاہم جمعرات کی صبح گیارہ بجے تک موسم ابر آلود رہا لیکن پھر موسم نے انگڑائی لی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو شام تک جاری رہی۔اس کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے وہیں بیشتر دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی آنکھ مچولی ایک معمول بن گیا ہے۔اس دوران انتظامیہ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خراب موسم کے دوران سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔بدھ کی شام جاری بیان کے مطابق انتظامیہ نے لوگوں سے بارش کے دوران بجلی کے ترسیلی نظام سے دور رہنے، کھانے پینے کی اشیاء جمع رکھنے، گرم پانی کا استعمال کرنے و کسی بھی ایمرجنسی کے دوران ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم کے نمبر 01996233337 و میڈیکل ایمرجنسی کے لئے 01996233465پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ادھر ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں دوسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جسکے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جہاں بدھ کو دن بھر موسلادھار بارشیں ہوئی وہی جمعرات کو بھی دن بھر رک رک کر بارشیں ہوتی رہی۔ جبکہ بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی کئی انچ برفباری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔