نئی دہلی//حکومت ہند نے ہندوستان اور ڈنمارک کے درمیان صحت اور دوا کے شعبے میں تعاون کے ایک قرار ، ہندوستان اور روس کے درمیان کوکنگ کول کے استعمال کے سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کیے جانے کو کل منظوری دے دی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے یہ فیصلے کیے ۔ مرکزی کابینہ نے قومی آیوش مشن میں پانچ سال کی توسیع اور سال 2025-26 تک اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس پر کل 4607 کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔ حکومت نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) میں سب-کلاسیفیکیشن کے مسئلے کی تفیتش کے لیے تشکیل کمیشن کی مدت کار آئندہ چھ ماہ تک بڑھا دی ہے ۔کابینہ نے کاشتکاروں کو اپنے جانوروں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایمبولینس کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی کابینہ نے عدالت کے لیے بنیادی ڈھانچے سے متعلق سہولتوں کی ترقی کے لیے سینٹرل اسپونسرڈ اسکیم (سی ایس ایس) کو اگلے پانچ برسوں کے لیے جاری رکھنے کو منظوری دے دی۔بین الاقوامی مارکیٹ میں ہندوستانی ملبوسات کو مسابقتی بنانے اور گھریلو صنعتوں کو فروغ دینے کی غرض سے حکومت نے تیار ملبوسات اور ملبوسات پر موجودہ ایکسپورٹ ڈیوٹی چھوٹ میں مارچ 2024تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تجویز کے مطابق مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ ریڈی میڈ کپڑوں اور ملبوسات پر عائد مختلف محصولات برآمدکنندگان کو واپس کردیئے جائیں گے ۔ اس نرمی سے ہندوستانی برآمد کنندگان کو بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت مل جائے گی۔ وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ملبوسات اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں چھوٹ جاری رکھتے ہوئے ان مصنوعات کو تمام ٹیکس اور ڈیوٹی سے مستثنیٰ کردیا جائے گا۔