سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک ڈرون کی مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز نے رات بھر وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن اور ایریا ڈومینیشن کی مشقیں انجام دیں۔ یہ کارروائیاں خاص طور پر راجوری کے نوشہرہ سیکٹر، پونچھ کے منکوٹ علاقے اور جموں کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ رپورٹ ہونے والی ڈرون سرگرمیوں کے پیش نظر کی گئیں۔ذرائع کے مطابق، ایل او سی کے علاوہ راجوری کے چند اندرونی علاقوں سے بھی مشتبہ ڈرون پروازوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر چوکسی بڑھاتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کر دیا۔ ان اطلاعات پر عمل کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور اتوار اور پیر کی درمیانی شب متعدد حساس اور مشتبہ مقامات پر رات بھر مشترکہ آپریشن شروع کئے گئے، جو پیر کی صبح تک جاری رہے۔
سیکورٹی کو مؤثر بنانے کے لئے ضلع بھر میں اہم شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر خصوصی ناکے قائم کئے گئے، جہاں گاڑیوں اور راہگیروں کی سخت جانچ پڑتال اور تلاشی لی گئی۔ سیکورٹی اہلکاروں نے مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے مختلف علاقوں میں گشت تیز کر دیا، جبکہ دور دراز کے کچھ اندرونی علاقوں میں تاحال سرچ آپریشن جاری ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی رات راجوری، پونچھ اور سانبہ اضلاع میں ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ مختلف مقامات پر ایک سے زائد ڈرون دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ان اطلاعات کے بعد فوج کے اہلکاروں نے نوشہرہ سیکٹر میں مشتبہ ڈرون کو مار گرانے کی کوشش میں فائرنگ بھی کی تاہم اس حوالے سے ابھی تک کسی ڈرون کو نشانہ بنانے یا کسی نقصان کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں ڈرون کے ذریعے دراندازی یا ممنوعہ سامان کی ترسیل کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، اسی لئے ہر اطلاع کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق، رات بھر کی کارروائیوں کا مقصد نہ صرف ممکنہ خطرات کو ناکام بنانا ہے ۔مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اگر کسی مشتبہ سرگرمی یا ڈرون کی موجودگی کا مشاہدہ کریں تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا سیکورٹی فورسز کو اطلاع دیں۔ انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں اور عوام کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ادھر، ضلع راجوری کے مختلف علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے رات بھر سیکورٹی فورسز کی بھاری نقل و حرکت دیکھی، جس سے اگرچہ کچھ دیر کے لئے خوف کی فضا پیدا ہوئی، تاہم بیشتر شہریوں نے فورسز کی اس مستعدی کو سراہا۔ عوام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں سخت نگرانی اور بروقت کارروائی ہی علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کا واحد مؤثر ذریعہ ہے۔سیکورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی سرحدی اور اندرونی علاقوں میں نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ضلع راجوری سمیت پورے خطے میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔