جموں //کٹھوعہ ادہم پور ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہیرا نگر کا دورہ کر کے رسانہ عصمت ریزی کیس کے بعد ہوئے احتجاج کے دوران زخمی ہوئے وجے شرما کو تین لاکھ کا امدادی چیک دیا ۔ کٹھوعہ میں انسانیت سوز کیس کے بعد کچھ لوگوں کی طرف سے سی بی آئی انکوائری کی مانگ پر احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا جس میں وجے کمار شدید زخمی ہو گیا تھا جس کو پہلے میڈیکل کالج جموں اور بعد میں لدھیانہ منتقل کیا گیا ۔اس دوران ضلع کٹھوعہ کے بھاجپا ضلع صدر نے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کیساتھ مذکورہ معاملہ پر بات کر کے ان کے علا ج معالجہ میں مدد کرنے کی اپیل کی جس پر بھاجپا سنیئر لیڈر نے دیانند میڈیکل کالج لدھیانہ میں وجے کمار کی صحت یابی تک انتظامات کیلئے ہسپتال انتظامیہ سے بات چیت کی ۔علاج معالجہ کے علا وہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے زخمی وجے کمار اور اس کے لواحقین کو 3لاکھ کا اضافی چیک دیا ۔اس موقعہ پر منعقدہ پروگرام میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور زخمی وجے کمار کی امداد کیلئے مرکزی وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔یاد رہے مرکزی وزیر کی جانب سے لدھیانہ میڈیکل کالج میں ایک فرد کو تعینات کیا گیا تھا جو علاج معالجہ کے تمام اخراجات ودیگر سہولیات کے سلسلہ میں وجے کمار کے لواحقین کی مدد کر رہاتھا ۔