بڈگام میں ہوم اسٹے مالک کے خلاف کیس درج
سرینگر// ضلع بڈگام میں پولیس نے ایک غیر ملکی شہری کے قیام کو چھپانے کے الزام میں ایک ہوم اسٹے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس اسٹیشن بڈگام کی پولیس پوسٹ ہمہامہ کی ٹیم کی جانب سے ہوٹلز، گیسٹ ہائوسز اور ہوم اسٹیز کی معمول کی جانچ کے دوران ہوم اسٹے /گیسٹ ہائوس روز کوٹیج، فرنڈز کالونی ہمہامہ میں ایک سنگین خلاف ورزی سامنے آگئی۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ہوم اسٹے کی انتظامیہ نے ایک غیر ملکی شہری کو لازمی رپورٹنگ کے بغیر ٹھہرایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے فارم – سی جمع نہ کروا کر دانستہ طور پر قانون کی خلاف ورزی کی جبکہ غیر ملکی شہریوں کے اندراج کے لئے فارم – سی جمع کروانا لازمی ہے ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ فارم – سی پورٹل (آئی وی ایف آر ٹی) پر اس ادارے کی تفصیلات کی تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ ہوم اسڑے /گیسٹ ہائوس محکمہ سیاحت کے ساتھ رجسٹر نہیں تھا حالانکہ غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کے لئے یہ رجسٹریشن لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بنا پر پولیس اسٹیشن بڈگام میں ہوم اسٹے انتظامیہ کے خلاف امیگریشن اینڈ فارینرز ایکٹ 2025 کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 337/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔اس دوران جموں و کشمیر اور لداخ کے غیر مجاز سفر کے الزام میں حراست میں لئے جانے والے چین کے 29 سالہ شہری کو نئی دہلی واپس بھیج دیا گیا۔ہو کو نگتائی جو 19 نومبر کو نئی دہلی اس سیاحتی ویزا پر آیا تھا جس میں اس کو صرف وارانسی، آگرہ، نئی دہلی، جے پور، سارناتھ اور گایا کا سفر کرنے کی اجازت تھی۔ اس کے باوجود بھی مذکورہ چینی شہری یکم دسمبر کو کشمیر پہنچا جس پر پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے اس کو ویزا خلاف ورزی پر پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔ چین کے اس شہری کو بڈگام کے ایک کم خرچ ہوم اسٹے سے حراست میں لیا گیا اور اس کا موبائل فوج جانچ کے لئے ضبط کیا گیا تھا تاہم دہلی واپسی سے قبل اسے فون واپس دے دیا گیا۔ چینی شہری نے مبینہ طور پر مارکیٹ سے بھارتی سم کارڈ بھی حاصل کیا تھا۔ پوچھ تاچھ کے دوران کونگتائی نے اعتراف کیا کہ وہ سیاح کی حیثیت سے لداخ بھی گیا تھا۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر میں اس چینی شہری نے ہارون کے قدیم بدھ مت مقام، شنکراچاریہ پہاڑی، حضرت بل درگاہ اور مغل باغات کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے بعد اس کو گذشتہ شام سری نگر سے دہلی واپس بھیج دیا گیا۔