نئی دہلی// کانگریس نے منگل کو چین کی سرحد پر فوجیوں کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار اور اسے ایک انتہائی سنگین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سرحد پر اس طرح کا واقعہ گزشتہ پانچ دہائیوں میں نہیں ہوا ہے،لہذا حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک کے عوام کو حقائق بتائیں۔کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں بتایا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول پر ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے مابین جھڑپ کے بعد ہندوستانی فوجیوں کے ہلاک ہونے کے بارے میں میڈیا میں خبریں آرہی ہیں۔ اگر یہ خبر سچ ہے تو پانچ دہائیوں میں پہلی بار فوجی اس سرحد پرمارے گئے ہیں اور یہ سکتہ میں ڈالنے والا واقعہ ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر گذشتہ رات فوجیوں کوہلاک کیا گیا تو پھر فوج نے کل رات 12.52بجے کیوں بیان جاری کیا اور صرف 16منٹ بعد یعنی 1:08بجے بیان کیوں بدلا گیا؟ اس واقعہ میں ہمارے کچھ جوانوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ترجمان نے کہا کہ چین کی سرحد پر جو کچھ ہو رہا ہے، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو خاموشی توڑ کر قوم کو اعتماد میں لینا چاہئے اور اس واقعہ کی حقیقت کو ملک کے سامنے رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ خبر درست ہے تو چینی فوجیوں کے ہاتھوں ہمارے بہادر افسران اور فوجیوں کی ہلاکت کی خبریں چونکانے والی، انتہائی خوفناک اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر دفاع کو آگے آ کر ملک کو جواب دینا چاہئے۔یواین آئی