عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاوید احمد ٹینگا کی قیادت میں ایک وفد نے کل لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی اور خطہ کشمیر کے تجارت اور سیاحتی شعبے سے متعلق اہم معاملات کو پیش کیا۔یہ میٹنگ 22 اپریل کو پہلگام حملے کے پس منظر میں منعقد کی گئی تھی، جس کے تجارت، کامرس، صنعت، سیاحت، ٹرانسپورٹ، اسٹارٹ اپس، دستکاری، نجی شعبے کے ملازمین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اور متعلقہ شعبوں پر شدید اور دور رس اثرات مرتب ہوئے ہیں۔وفد نے بتایا کہ نقدی کے بہاؤ میں کمی، سیاحوں کی تعداد صفر کے قریب اور کاروباری سرگرمیوں میں عام مندی کی وجہ سے صورتحال مزید پیچیدہ ہے۔ بینکوں کے بھاری قرضے لینے والے ہزاروں ٹرانسپورٹروںکی حالت زار پر بھی بات ہوئی۔ کے سی سی آئی نے ایل جی کو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میںسود کی امدادی اسکیم،اکاؤنٹ کی درجہ بندی کے تحفظ کے ساتھ ایک وقتی قرض کی مہلت،یک گارنٹی شدہ ایمرجنسی کریڈٹ لائن (GECL) کا تعارف،غیر قرض دار کاروباری اداروں کے لیے نرم قرض کی سہولت، ٹیکسوں کی چھوٹ ،ٹرانسپورٹ سے متعلقہ ٹیکسوں کی چھوٹ، تجارتی صارفین کے لیے پاور ایمنسٹی سمیت کئی مطالبات شامل ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اٹھائے گئے تمام نکات کو غور سے سنا اور وفد کو یقین دلایا کہ انتظامیہ عوام کے تحفظات کے تئیں حساس ہے۔ انہوں نے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کے فیصلوں میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ ایل جی نے اقتصادی شعبوں کے کردار پر زور دیا جنہوں نے گزشتہ چند سالوں کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس موقع پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور روزگار کو برقرار رکھنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔