جموں//روزگار میلہ کے سلسلے میں کنونشن سینٹر جموں میں ایک رسمی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں چیف سیکٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے کے ذریعہ منتخب کردہ اُمید واروں کو تقرری نامے دئیے۔اِس موقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کا ایک ویڈیو پیغا م بھی چلایا گیا ۔ پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ جموںوکشمیر کی ترقی نوجوانوں کا کلیدی کردا ر ہے۔اُنہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر یوٹی میں آنے والی سرمایہ کاری میں اِضافہ سے روزگار کے مواقع بڑھنے والے ہیں ۔ جموں وکشمیر میں 2019ء کے بعد سرکاری شعبے میں زائد اَز30,000 بھرتیاں کی گئی ہیں۔ اُنہوں نے اَپنے نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی بھی سراہنا کی۔چیف سیکرٹری کے ہمراہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، پرنسپل سیکرٹری جل شکتی ، پرنسپل سیکرٹری اِنفارمیشن و اعلیٰ تعلیم محکمے، کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ ، کمشنر سیکرٹری جنگلات ، کمشنر سیکرٹری ریونیو ، صوبائی کمشنر جموں ، سیکرٹری جی اے ڈی نے ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ مختلف سرکاری محکموں میں منتخب ہونے والے اُمید واروں میں تقرری نامے تقسیم کئے۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے مختلف سرکاری محکموں میں میرٹ کے مطابق منتخب ہونے والے تقرریوں کو مبارک باد دی ۔اُنہوں نے ان تقرریوں کی تعریف کی جن کے والد کسان اور مزدور تھے اور سب کو سخت محنت کرنے کی ترغیب دی کیوں کہ منتخب ہونے کا واحد معیار میرٹ ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت کی ترجیح شفاف بھرتی کے عمل کو یقینی بنانا ہے اوریہ تقرریاں تیز رفتار طریقے سے مکمل شفافیت کے ساتھ کی گئی ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں بیک ڈور تقرریوں کا دور ختم ہوچکا ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ تصدیق کا عمل جس میں پہلے مہینوں لگتے تھے اَب چند دِنوں میں آن لائن مکمل ہوجاتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کی تاریخ میں گذشتہ دو برسوں میں سب سے زیادہ بھرتیاں کی گئی ہیں جس میں 2019ء سے اَب تک 30,000 سے زیادہ اَسامیوں پر بھرتیاں کی گئی ہیں۔چیف سیکرٹری نے ’’بے روزگار سے خود روزگار سکیم ‘‘کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکیم بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے شروع کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے نشاندہی کی کہ بیک تو وِلیج مرحلہ چہارم کے لئے اَفسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ لوگوں کو اِس سکیم کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ وہ اَپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے درخواست دے سکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف خود روزگار یوجنا کے تحت 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہے ۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اِس سکیم سے فائدہ اُٹھائیں اور نوکری کے متلاشیوں کے بجائے نوکری دینے والے بنیں۔اِس موقعہ پر اُمیدواروں نے سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لئے اَپنے تجربات اور جدوجہا کا بھی اِظہار کیا اور لیفٹیننٹ گورنر کا بھی شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر ان کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ان امیدواروں کو جی اے ڈی، سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، لیبر ڈیپارٹمنٹ، بھیڑ وپشوپالن ، جل شکتی، زراعت، مالیات اور سکولی تعلیم محکموں میں مختلف اسامیوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ اِس موقعہ پر دیگر لوگوں کے علاوہ سول اور پولیس انتظامیہ کے سینئر افسران بشمول ضلع ترقیاتی کمشنران ، ایس ایس پیز، ایس پیز، صوبہ جموں کے مختلف محکموں کے سربراہان اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران اورملازمین شامل تھے۔