ضلع بھر کے سرکاری سکولوں میں اچانک معائنہ، جواب دہی یقینی بنانے کیلئے کارروائی
سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری میں تعلیمی معیار، طلبہ کی فلاح و بہبود اور سرکاری اسکیموں کے شفاف نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) راجوری محمد حافظ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے 87 ماسٹرز اور اساتذہ کو وضاحتی نوٹس جاری کئے ہیں، جبکہ ایک استاد کو معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں کی گئی اچانک اور جامع جانچ کے بعد عمل میں لائی گئی۔سی ای او راجوری نے سینئر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں جن کا مقصد اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری، وقت کی پابندی، کام کے کلچر، تعلیمی کارکردگی اور مڈ ڈے میل (MDM) اسکیم کے مؤثر نفاذ کی نگرانی کرنا تھا۔ ان ٹیموں نے 18 دسمبر کو ضلع راجوری کے مختلف تعلیمی زونز میں سرکاری اسکولوں کا اچانک معائنہ کیا۔معائنے کے دوران سامنے آنے والی رپورٹس نے کئی سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی۔ رپورٹ کے مطابق 14 اسکولوں میں مڈ ڈے میل منظور شدہ مینو کے مطابق فراہم نہیں کیا جا رہا تھا، جس سے طلباء کی غذائی صحت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ اسی طرح 10 اسکولوں میں طلبہ کی اصل حاضری اور ARMs پورٹل پر اپ لوڈ کئے گئے اعداد و شمار میں واضح فرق پایا گیا۔مالی معاملات میں بھی متعدد خامیاں سامنے آئیں۔ 13 اسکولوں میں اسکول انفراسٹرکچر فنڈ (SIF) کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا، جبکہ 9 اسکولوں میں سمگر شکشا گرانٹس کو غیر مناسب طریقے سے خرچ کیا گیا۔ مزید برآں 9 اسکولوں میں وہ اشیاء موجود نہیں تھیں جو ریکارڈ کے مطابق خریدی گئی دکھائی گئیں۔ 15 اسکولوں میں لازمی اسٹور اسٹاک رجسٹرز کی عدم دستیابی نے انتظامی اور مالی لاپرواہی کو مزید بے نقاب کیا۔تعلیمی محاذ پر بھی صورتحال تشویشناک پائی گئی۔ 5 اسکولوں میں طلبہ کی کاپیوں کی مناسب جانچ نہیں کی جا رہی تھی، جبکہ 13 اسکولوں کی مجموعی تعلیمی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی۔ اسی طرح 8 اسکولوں میں فنڈز کی دستیابی کے باوجود اسکول عمارتوں کی دیکھ بھال اور خوبصورتی (فیس لفٹنگ) نہ ہونے پر بھی سوال اٹھے۔ان تمام کوتاہیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سی ای او راجوری نے متعلقہ 87 ماسٹرز اور اساتذہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ دو دن کے اندر اپنے متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (DDOs) کے ذریعے تحریری وضاحت پیش کریں۔ واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں جواب نہ دینے کی صورت میں قواعد کے تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دریں اثنا، مڈ ڈے میل ریکارڈ کی عدم دیکھ بھال اور غفلت کے الزام میں خلیل احمد، استاد مڈل اسکول پدھیارا (زون پیڑی) کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران انہیں ہائر سیکنڈری اسکول ترڑوھ (زون موگلہ) سے منسلک رکھا جائے گا اور وہ قواعد کے مطابق معطلی الاؤنس کے حقدار ہوں گے۔سی ای او راجوری محمد حافظ نے دوٹوک انداز میں کہا کہ طلبہ کی غذائیت، تعلیمی معیار اور سرکاری فنڈز کے استعمال پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، آئی اے ایس، اور ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری، جے کے اے ایس، کی مجموعی نگرانی اور رہنمائی میں انجام دی جا رہی ہیں اور آئندہ بھی ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں شفافیت، نظم و ضبط اور بہتر تعلیمی نتائج کے لئے یہ مہم جاری رہے گی۔